کراچی: پراپرٹی کا آن لائن مشتہر 19 سالہ مغوی گھر پہنچ گیا

جمعرات 14 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ مغوی نوجوان مجتبیٰ گھر واپس پہنچ گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اہلخانہ نے نوجوان کے واپس گھر پہنچنے کی اطلاع دی تھی، نارتھ ناظم آباد کے رہائشی نوجوان کوگاڑی سمیت اغواء کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے پر درج کیا گیا تھا۔

کراچی پولیس کے مطابق نوجوان کے اغواء کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، مغوی نوجوان کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا جلد ہی نوجوان کو اغواء کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس سے قبل پولیس نے بتایا تھا کہ 19 سالہ نوجوان اور او لیول کے طالب علم مجتبیٰ کی والدہ کی مدعیت میں سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں انہوں نے شکایت کی کہ ان کے بیٹے کو ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا ہے۔

ایف آئی ار میں خاتون کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے گلشن معمار میں واقع اپنے ایک پلاٹ بیچنے کے لیے آن لائن اشتہار دیا تھا جس کے بعد ملزمان نے خود کو حساس ادارے کے اہلکار بتاکر ان کے بیٹے کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا۔

واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے خاتون کا ایف آئی آر میں کہنا تھا کہ گزشتہ روز کامران پاشا نامی ایک شخص اپنے ساتھی کے ہمراہ مذکورہ پلاٹ کے سودے کے لیے مجتبیٰ کے گھرنارتھ ناظم آباد گیا۔ ڈیل کے لیے جب علاقے میں اسٹامپ پیپر نہیں ملا تو دونوں افراد اس وقت چلے گئے تاہم کچھ دیر بعد کامران پاشا نے فون کرکے مجتبیٰ سے کہا کہ اس کی گاڑی اس کے اہل خانہ لے گئے ہیں اس لیے وہ اپنی گاڑی میں (کامران کے) گھر گلشن معمار آجائے۔ کامران نے مجتبیٰ کو یہ بھی بتایا کہ اس کے گھر پر اسٹامپ پیپر موجود ہے جس پر دستخط کے بعد پلاٹ کا بیانہ دے دیا جائے گا۔

خاتون نے بتایا کہ کامران کا فون آنے کے بعد وہ اور مجتبیٰ اپنی گاڑی میں گلشن معمار روانہ ہوگئے جبکہ گاڑی میں پلاٹ کی اصل فائل بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’رات 11 بجے کے قریب ہم احسن آباد روڈ پر پہنچے جہاں کامران پاشا موجود تھا اور اس نے پستول نکال لیا اور کہا وہ حساس ادارے کا اہلکار ہے‘۔ اس کے بعد ملزمان نے اسلحہ کے زور پر پلاٹ کی فائل، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا اور خاتون کو جمالی پل کے قریب گاڑی سے اتارکر مجتبٰی کو ان کی گاڑی سمیت لے کر فرارہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا تھا اور جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کروائی گئی تھی، متاثرہ خاندان نے تیموریہ تھانے کی حدود سے 2 افراد کو گاڑی میں بٹھایا جبکہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے حصول کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp