ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کوئٹہ نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا، ڈائریکٹر بلوچستان زون عمران محمود کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے صوبے بھر میں کریک ڈاون جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ کے احکامات پر چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم مجتبیٰ کو کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھا۔
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق ملزم بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کر رہا تھا، ملزم نے سادہ لوح شہری کو بیرون ملک آسٹریلیا بھجوانے کے نام پر 35 لاکھ روپے ہتھیائے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے پیسے وصول کرکے شہری کو آسٹریلیا کا جعلی ویزا دیا، چھاپہ مار ٹیم میں ایس ایچ او راجہ شہزاد محمود اور کانسٹیبل رضا شامل تھے۔
حکام کے مطابق ملزم نے بغیر لائسنس کے سادہ لوح شہریوں سے پاسپورٹس وصول کیے، ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاہم دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔