پی ٹی سی ایل کا ٹیلی نار پاکستان کے 100فیصد شیئرز کی خریداری کا معاہدہ

جمعرات 14 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ یعنی پی ٹی سی ایل نے 108 ارب روپے میں ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 100 فیصد حصص کے حصول کے لیے خریداری کے معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ٹیلی کام سیکٹر کی اس اہم پیشرفت سے آگاہ کردیا ہے۔

پی ٹی سی ایل کی جانب سے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اس پیش رفت سے آگاہی کے اپنے اس نوٹس کے ذریعے ملک میں ٹیلی نار پاکستان کے مستقبل کے بارے میں جاری چہ می گوئیوں کا خاتمہ کردیا ہے، جو گزشتہ ایک سال سے کافی بحث کا موضوع رہی تھیں۔

’ہمارے 29 اگست 2023 کے خط کے علاوہ، جس کے تحت PTCL کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کو ٹارگٹ کمپنی کو ایک پابند پیشکش پیش کرنے کا اختیار دیا تھا، مذکورہ بالا استحقاق کے پیش نظر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان کے صد فیصد شیئرز کے حصول کے لیے اس کے شیئر ہولڈرز کے ساتھ شیئر پرچیز ایگریمنٹ کیا ہے۔‘

ٹیلی نار پاکستان ایک موبائل آپریٹر ہے جو گزشتہ بارہ ماہ ستمبر 2023 کی مالیاتی رپورٹنگ کی بنیاد پر 112 ارب روپے کی آمدنی کے ساتھ تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ صارفین رکھتا ہے، جبکہ پی ٹی سی ایل پاکستان حکومت اور اتصالات کی مشترکہ ملکیت ہے جس کے بڑے اثاثوں میں موبائل آپریٹر یوفون شامل ہے، جس کے 2 کروڑ سے زیادہ صارفین ہیں۔

پی ٹی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی نار پاکستان کے شیئر ہولڈرز کے ساتھ خریداری کا معاہدہ 108 ارب روپے کی انٹرپرائز ویلیو پر نقد اور قرض سے پاک ادائیگی کی بنیاد پر کیا ہے، نوٹس کے مطابق پی ٹی سی ایل اس لین دین کی مالی اعانت بیرونی قرض سے کی جائے گی جو کمپنی کے ذریعہ حاصل کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp