رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت لاہور سے گرفتار

جمعرات 14 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت کو پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک سے گرفتار کر لیا ہے۔ ہائیکورٹ کے باہر وکلاء کی بڑی تعداد کے باوجود پولیس شیر افضل مروت کو گرفتارکرنے میں کامیاب رہی۔

شیر افضل مروت کی ٹیم کی جانب سے ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی گئی ہے، شیر افضل مروت کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کے بعد تھانہ مزنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔

https://twitter.com/xafar_/status/1735243735762690510?s=20

گرفتاری کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر افضل مروت کو وکلاء نے بچانے کی بہت کوشش کی لیکن پولیس گریبان سے گھسیٹ کر گرفتار کر کے لے گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم شیر افضل مروت کو 30 روز کے لیے نظر بند کیے جانے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے شیر افضل مروت کو گزشتہ کئی روز سے خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے ڈھونڈا جا رہا تھا۔ ان پر خیبرپختونخوا کے مختلف تھانوں میں مختلف کیسز درج تھے جن کی بنا پر پولیس ان کے تعاقب میں تھی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئرنائب صدر اور پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کے وکیل شیر افضل خان مروت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں دیر پولیس کے 300 اہلکاروں نے ’اغوا‘ کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

شیر افضل مروت سمیت 21 مقامی رہنماؤں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوابی میں ورکرز کنونشن منعقد کرنے پر بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا، صوابی تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنونشن کا انعقاد کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp