پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آٗئی) کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ہم نے پارٹی الیکشن آئین کے تحت کرائے ہیں، الیکشن کمشین فری اینڈ فیئر الیکشن کرائے، الیکشن کمیشن کو شیڈول جاری کرنا چاہیے۔ ہم پارٹی کے ورکرز کنونشن کریں گے اور آگے بڑھیں گے۔
اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان تحریک (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہرعلی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت کو گرفتار کیا گیا اس کی مزمت کرتے ہیں، ورکرز کنونشن کرانا ہمارا آئینی حق ہے، ہمیں آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمارے خلاف جتنی درخواستیں آئی ہیں سب پلانٹڈ ہیں، ہمارا بلا مقابلہ منتخب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی منظم ہے، ہم پارٹی کے ورکرز کنونشن کریں گے اور آگے بڑھیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 8 لاکھ 37 ہزار 950 پارٹی کے اہل ووٹر ہیں انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست گزار سب پلانٹڈ لوگ ہیں۔ پینل کم از کم 20 لوگوں پر مشتمل ہوتا ہے اور درخواستیں جمع کرانے والے 14 ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، بلے کے نشان کو روک کرکوئی غلط تاریخ رقم نہ کریں۔ اگر آپ آر اوز کو جیوڈیشریز کے بجائے انتظامی لوگوں کو لگائیں گے تو الیکشن صاف شفاف نہیں ہونگے۔
پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ 14 درخواست گزاروں کی شکایت ہے کہ ہمیں ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا، انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹ صرف جماعت کا ممبر ہی ڈال سکتا ہے۔ ہم نے چیک کیا ان میں سے کوئی الیکشن کے دن ممبر نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انکا الیکشن میں حصہ لینے کا حق نہیں تھا۔ اگر وہ ممبر نہیں تو ووٹ نہیں کر سکتے، اگر دوسرا کوئی ممبر ہی نہ ہو مخالفت کے لیے تو ووٹ کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ وقت کی کمی کی وجہ سےہمارے دلائل پیر کے دن مکمل ہوں گے۔ الیکشن 20 دن میں کرانے کا حکم تھا نہ کہ اسکے معاملات دیکھنے کا حکم تھا۔ ہم نے بتایا کہ کس دن الیکشن ہونگے جو چاہے نمائندگی کا امیدوار بن سکتا ہے۔ اسکے باوجود کسی نے درخواست نہیں دی۔