ن لیگ اتنی بری لگتی ہے تو مفتاح اسماعیل پارٹی چھوڑدیں، لیگی سینیٹر افنان اللہ

ہفتہ 4 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک طرف جہاں لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کی اپنی حکومت کی معاشی پالیسیوں سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے وہیں دیگر لیگی رہنما بھی اب انہیں پبلک پلیٹ فارم پر آڑے ہاتھوں لینے لگے ہیں۔

لیگی سینیٹر افنان اللہ خان نے ایک تند و تیز ٹوئیٹ میں مفتاح اسماعیل کو پارٹی چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں ن لیگ اتنی بری لگتی ہے تو انہیں پارٹی کو چھورڈینا چاہیئے۔

مخلوط حکومت کی جانب سے پہلا بجٹ پیش کرنے والے مفتاح اسماعیل وزارت سے استعفٰی دینے کے بعد حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ناقد رہے ہیں۔ اپنے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ اسحاق ڈار کی غلط پالیسیوں سے پاکستان کو تو نقصان پہنچ رہا ہے لیکن ن لیگ بھی متاثر ہو رہی ہے۔

اپنی ٹوئیٹ میں مفتاح اسماعیل کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر افنان اللہ مزید لکھتے ہیں کہ سندھ کا جنرل سیکٹری کا عہدہ بھی رکھنا ہےاور پارٹی کا پلیٹ فارم بھی استعمال کرنا ہے ذاتی تشہیرکےلیے۔ ’یہ کیسی منافقت ہے۔‘

سینیٹر افنان اللہ نے مفتاح اسماعیل کی ن لیگ سے وابستگی کو ان کی صوبہ سندھ میں کارکردگی کے حوالہ سے بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں کبھی اتنا برا رزلٹ نہیں آیا جتناان کی لیڈر شپ میں آیا ہےاور بھاشن سن لیں۔

ٹوئٹر پر افنان اللہ کی اس تنقید پر ایک صارف عدیل احسن نے لکھا ہے کہ آپ دونوں نے غیر جمہوری رویہ اختیار کر رکھا ہے۔’ مفتاح کو پارٹی کی اندر کی بات اندر ہی رکھنا چاہیئے اور اگر کر ہی دی ہے بات تو آپ کو جمہوری سوچ کے تحت برداشت کرنا چاہیئے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp