نرم لہجہ و ہمدردی کے بول مریضوں کی جلد صحت یابی کی ضمانت ہیں، ماہرین

اتوار 17 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈاکٹروں کی جانب سے نرم لہجے میں دی گئی ہدایات اور ہمدردی کے چند بول مریضوں کو جلد صحت یاب کر دیتے ہیں جبکہ تلخ رویے کے حامل اکثر معالجین شفا فراہم کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔

پاکستان کے مختلف علاقوں اور خطوں میں 68 زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن ان میں 12 زبانیں ایسی ہیں جن میں نا صرف شاعری کی جاتی ہے بلکہ ادب کی دیگر اصناف پر بھی کام ہوتا ہے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بولی جانے والی زبانوں کا تنوع پاکستان کو متحد رکھنے اور ملک کی نظریاتی اساس کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں

ماہرین طب و ادب نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں جہان مسیحا ادبی فورم کی جانب سے 25 ویں سالانہ موضوعاتی کیلنڈر کی اجرا کی تقریب سے خطاب کیا۔

تقریب سے معروف شاعر افتخار عارف، وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی پروفیسر شہزاد علی خان، معروف شعرا اجمل سراج، انعام الحق جاوید، افضل خان اور فارمیوو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد، رفاہ یونیورسٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسد اللہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

بعدازاں مشاعرے میں معروف شاعر افتخار عارف، اجمل سراج، افضل خان اور انعام الحق جاوید نے اپنا منتخب کلام بھی پیش کیا۔

ڈاکٹروں کا رویہ مریضوں کی صحت یابی میں کردار ادا کرتا ہے، پروفیسر شہزاد علی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شہزاد علی خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کا نرم لہجہ مریضوں کی صحتیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ معالجین کے تلخ لہجے اور رویے اکثر مریضوں کو موت کے منہ میں لے جاتے ہیں۔

اسی طریقے سے نرم لہجے والے ڈاکٹر اپنی پروفیشنل زندگی میں جلد کامیاب ہو جاتے ہیں جبکہ تلخ نوائی میں مبتلا ماہرین صحت سے مریض اکثر شاکی ہی رہتے ہیں۔

ڈاکٹروں و طبی عملے کو ملک میں بولی جانے والی زبانیں سیکھنی چاہییں

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کے افراد کو ملک میں بولی جانے والی زیادہ سے زیادہ زبانیں سیکھنی چاہییں تاکہ وہ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں سے ان کی مقامی زبان میں بات کر کے ان کا مافی الضمیر سمجھ سکیں اور ان کی زبان اور بولی میں طبی ہدایات دے سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مریض ایمبولینس میں اسپتال لائے جاتے تھے اور اپنے پیروں پر چل کر گھروں کو جاتے تھے لیکن آج کل مریض چل کر اسپتال آتے ہیں لیکن ان میں سے اکثر اسٹریچر پر مردہ حالت میں واپس جاتے ہیں یا ان کو ایمبولینسوں میں دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔

تلخ رویوں کی وجہ سے مریض اعتماد کھو بیٹھتے ہیں

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مادیت پرستی اور تلخ رویوں کی وجہ سے اکثر ڈاکٹر مریضوں کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں اور اب زیادہ تر مریض ایک ڈاکٹر سے علاج کے بعد دوسرے اور تیسرے معالج سے بھی رجوع کرتے ہیں۔

مقامی دوا ساز ادارے فارمیوو کو مبارکباد

مقامی دوا ساز ادارے فارمیوو کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فارمیو گزشتہ 2 دہائیوں سے ادبی محفلیں منعقد کر رہا ہے اور کتابیں شائع کر رہا ہے جس کے نتیجے میں صحت سے وابستہ افراد میں شعر و ادب کا ذوق بڑھ رہا ہے۔

افتخار عارف کا بھی فارمیوو کو خراج تحسین

معروف شاعر افتخار عارف نے بھی اس موقع پر فارمیوو کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے مختلف موضوعاتی کیلنڈرز کی رونمائی کی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں جہاں طب کے شعبے سے منسلک افراد کی ایک بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔

موضوعاتی کیلنڈر بہت محنت اور تحقیق کے نتیجے میں تخلیق پاتا ہے، جمشید احمد

مقامی دوا ساز ادارے فارمیوو کے چیف ایگزیکٹو افیسر سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ ہر سال ان کی جانب سے موضوعاتی کیلنڈر ایک طویل اور تھکا دینے والی تحقیق اور محنت کے نتیجے میں تخلیق پاتا ہے، ان کا ادارہ گزشتہ 24 برسوں سے موضوعاتی کیلنڈر کا اجرا کر رہا ہے جس کا مقصد معاشرے میں علم و ادب کا فروغ اور سدھار لانے کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں اور خطوں میں 68 زبانیں بولی جاتی ہیں جن میں سے 12 زبانیں ایسی ہیں جن میں نا صرف شاعری کی جاتی ہے بلکہ ادب کی دیگر اصناف پر بھی کام ہوتا ہے۔

اخلاقی قدروں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ادویات کے کاروبار ضروری قرار

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر اخلاقی قدروں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ادویات کا کاروبار کیا جائے تو اس کے نتیجے میں ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں مدد مل سکتی ہے۔

فارمیوو گزشتہ 24 سالوں سے اخلاقی قدروں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ادویات بنا کر فراہم کر رہا ہے اور اب ان کا ادارہ دنیا کے 30 ممالک میں ادویات برآمد کرتا ہے جبکہ اس وقت وہ پاکستان کی 20 بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp