برطانیہ کے حال ہی میں سبکدوش ہونے والے وزیر دفاع بین والیس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ فلسطین میں قتل و غارت کر کے اپنے دفاع کے قانونی اختیار کو کمزور کر سکتا ہے۔
بین والیس کے ’دی سنڈے ٹیلی گراف‘ میں شائع ہونے والے تجزیے کے مطابق اسرائیل اپنے جنگی اقدامات کے ذریعے اپنے اصل قانونی اختیار کو کمزور کر رہا ہے، نیتن یاہو کی غلطی یہ تھی کہ انہیں حماس کے حملوں کا پہلے پتہ نہیں چلا اور اگر اب وہ سوچتے ہیں کہ قتل و غارت سے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے تو وہ غلطی پر ہیں۔
انہوں نے کہا، ’نیتن یاہو کے اختیار کردہ طریقوں سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، مجھے یقین ہے کہ نیتن یاہو کی حکمت عملی اگلے 50 سال تک اس تنازعہ کو ہوا دیتی رہے گی۔‘
واضح رہے کہ بین والیس کا یہ تجزیہ برطانیہ کے خارجہ سیکریٹری ڈیوڈ کیمرون اور ان کے جرمن ہم منصب کی سنڈے ٹائمز میں مشترکہ تحریر شائع ہونے کے بعد سامنے آیا تھا۔ اس آرٹیکل میں دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور غزہ میں موثر اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔