فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے ’امیجن ود میٹا‘ کے نام سے ایک نیا ٹول متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے آپ تصویروں کو الفاظ میں بیان کر کے تخلیق کر سکتے ہیں۔
یہ نیا ٹول ایک گیم کی طرح ہے جو اوپن اے آئی کے DALL-E جیسے ٹولز کی طرح لفظوں کو تصاویر میں تبدیل کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ یہ ٹول ہر لفظی تفصیل کے نتیجے میں 4 تصاویر فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹول اب امریکا میں مفت دستیاب ہے۔
مزید پڑھیں
میٹا کو ماضی میں تصویر بنانے والے ٹولز سے متعلق نسلی تعصب ظاہر کرنے والے اسٹیکرز سمیت دیگر مسائل کا سامنا تھا۔ مستقبل میں ایسے ایسے مسائل سے بچنے کے لیے میٹا ’امیجن ود میٹا‘ کے ذریعے بنائی جانے والی تصویروں میں پوشیدہ واٹر مارکس شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ واٹر مارکس تصویروں پر ایسے خفیہ نشانات کو کہا جاتا ہے جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اے آئی ٹول کے ذریعے بنائے گئے ہیں۔ اس کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا بھی ہے۔
میٹا کے مطابق اس ٹول میں یہ واٹر مارکس بتدریج شامل کیے جائیں گے، ان کی بدولت تصویروں میں ظاہری طور پر تبدیلی رونما ہونے کا امکان نہیں ہوگا اور ان کی مدد سے اے آئی کے تخلیق کردہ جعلی اور نقصان دہ مواد کے بارے میں خدشات کو دور کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ دیگر کمپنیاں اور ممالک بھی اے آئی کے ذریعے بنائی جانے والی تصویروں سے متعلق ایسے ہی ٹولز اور قوانین پر کام کررہے ہیں۔