کراچی: مچھر کالونی میں زوردار دھماکے سے عمارت منہدم، 2 شہری جاں بحق

پیر 18 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے مچھر کالونی کے علاقے میں جعفر چوک کے قریب 2 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت منہدم ہونے سے قبل زوردار دھماکا سنا گیا تھا۔

واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، ریسکیو سمیت پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچے، عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے عمارت پوری طرح منہدم ہو چکی ہے۔

گلیاں تنگ ہونے کے باعث لوگوں کو منتشرکرنے کی غرض سے پولیس اور رینجرز کو امدادی کارروائیوں کو ممکن بنانے کے لیے لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا سلنڈر کا تھا۔

ایدھی فاؤنڈیشن ذرائع کے مطابق 3 منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر دکان میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا ہے، مچھر کالونی میں یہ علاقہ لکڑی والی گلی سے جانا جاتا ہے، پولیس کے مطابق مذکورہ عمارت 3 منزلہ اور رہائشی تھی جس کے گراؤنڈ فلور میں دکانیں تھیں۔

مچھر کالونی کی رہائشی عمارت میں دھماکا کیسے ہوا؟

عینی شاہد محمد میاں نے بتایا ہے کہ یہ ایک رہائشی عمارت تھی، جس کے نیچے دکان تھی جہاں گیس کے سلنڈر بھرے جاتے تھے۔ ’ہم نے دھماکہ ہوتے دیکھا ہے اور عین ممکن ہے کہ گیس بھرتے ہوئے یہ دھماکا ہوا ہو۔‘

محمد میاں کے مطابق اس پوری عمارت میں ایک ہی خاندان رہائش پذیر تھا اور دکان بھی انہی کی تھی۔ ’دھماکے سے مکان کی چھت آسمان کی طرف اچھلی اور دیواریں گلی میں آ گریں، اس وقت بجلی تھی لائن میں جس کی وجہ سے آگ بھی لگ گئی تھی۔‘

پولیس کیا کہتی ہے؟

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ مچھر کالونی میں آج صبح ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جس میں ایک مکان کے گراؤنڈ فلور پر قائم گیس فلنگ اسٹیشن پر سوزوکی میں گیس سلنڈر  کی ڈیلیوری آئی تھی۔

’گیس سلنڈر سوزوکی سے دکان میں شفٹ کئے جارہے تھے کہ اس دوران دھماکا ہوا، ایک گیس سلنڈر پھٹا تو دکان میں رکھے دیگر سلنڈرز میں بھی دھماکے ہوئے، جس کی شدت سے پوری عمارت زمیں بوس ہوگئی،

پولیس آفیسر کے مطابق علاقہ مکینوں نے ابتدائی طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ، بعد میں پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔’7 افراد ملبے کی زد میں آکر جبکہ دیگر جھلسنے سے زخمی ہوئے ،اب تک 17 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے ،ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔‘

ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے میڈیا کوبتایا کہ متاثرین کا ڈیٹا اکھٹا کررہے ہیں تاکہ صورتحال واضح ہوسکے، اب تک واضح نہیں ہوسکا ہے کہ کتنے لوگ ملبے تلے موجود ہیں ، علاقے میں اب بھی گیس کی بو پھیلی ہوئی ہے۔

’پولیس اور ضلعی انتظامیہ یہاں موجود ہے، علاقہ مکینوں سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ جائے حادثہ پر غیر ضروری طور پر جمع نہ ہوں تاکہ ریسکیو آپریشن بلا توقف جاری رہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp