سندھ کے عوام ترقی چاہتے ہیں تو مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں، احسن اقبال

پیر 18 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مسلم لیگ ن قومی مفادات اور فوائد پر سیاسی اختلافات کو ترجیح نہیں دیتے، اگرچہ سندھ کے عوام کو بھی ترقی کرنی ہے تو وہ بھی مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں۔

پیر کو کراچی میں بشیر میمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں سندھ میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری کیے،تاکہ کے 4 منصوبہ کو مکمل کر کے کراچی کے پانی کے مسئلے کو ہمیشہ کے لیے حل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں گرین لائنز جیسا منصوبہ 25 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کر کے پہلا کراچی کا ماس ٹرانزٹ کا منصوبہ مکمل کیا جو کہ سندھ کے لیے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا تحفہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھر کول میں مدفن کوئلہ کے ذخائر کو نکالنے کے لیے 70 سال سے صوبائی حکومت کی کوششیں جاری تھیں۔ یہ بھی نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی حکومت کا تحفہ تھا کہ اس منصوبے کو سی پیک کا حصہ بنایا گیا اور پھر چائنا سے فنانسسنگ اور ٹیکنالوجی حاصل کر کے اس منصوبے کو بھی حقیقت میں بدل دیا ۔اس منصوبے نے سندھ کے لیے ایک قیمتی خزانہ فراہم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مسلم لیگ ن نے  سندھ حکومت کے ساتھ ہرسطح پر مکمل تعاون کیا۔ نواز شریف کی سوچ رہی ہے کہ سیاسی اختلافات کو قومی مفادات اور فوائد پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ سندھ میں اگرچہ پیپلز پارٹی کی مخالف حکومت تھی لیکن وفاقی حکومت نے بھرپور کردار ادا کر کے کراچی کے عوام کو امن دیا اور ترقی دی اب بھی اگر سندھ کے عوام ترقی چاہتے ہیں تو وہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا سندھ کے عوام سے بہت گہرا تعلق ہے، سندھ کے عوام کے لیے ہمارا خدمت کا ریکارڈ ہے، اسی لیے مسلم لیگ ن جہاں پورے ملک میں عوام سے رجوع کرے گی، سندھ کے عوام کو بھی امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام دینے کے لیے اپنے اُمیدواروں کے ذریعے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، اس حوالے سے ہمارے صوبہ سندھ کے صدر بشیر میمن اور دیگر رہنما بھی آج کی میٹنگ میں شریک ہوئے۔

مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس سندھ بھر سے ن لیگ کے ٹکٹ کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اسی لیے دو شفٹوں میں امیدواروں سے انٹرویو کرنے پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجتھے ہیں کہ صوبہ سندھ کی ترقی کے لیے نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ کا اقتدار میں آنا نہایت ضروری ہے، اگر ’ترقی ضروری ہے تو پھر نواز شریف بھی ضروری ہے‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp