پشاور : جیل کے اندر زبردستی گھسنے والا پی ٹی آئی کارکن ضمانت پر رہا

ہفتہ 4 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک  کے دوران میں زبردستی جیل کے اندر جانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار ہونے والے کارکن کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے کارکن جلال مہمند کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

پولیس کے مطابق ملزم جلال مہمند نے ’ جیل بھرو تحریک ‘ کے دوران سنٹرل جیل کے اندر جانے کی کوشش کی تھی۔ ملزم جلال کے ساتھ دیگر چار ساتھیوں نے بھی جیل کے اندر جانے کی کوشش کی تھی۔

ملزم کے خلاف دہشت گردی سمیت چار دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے درخواست ضمانت پر دلائل سننے کے بعد ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ پشاور جیل انتظامیہ نے اندراج مقدمہ کے لئے شرقی تھانے کو مراسلہ جاری کیا تھا ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کئی گھنٹوں تک گیٹ نمبر ایک کے سامنے ہنگامہ آرائی کی ، کارکن جیل کی حفاظت کیلئے لگی باڑ پھلانگ کر حدود میں داخل ہوئے ، جبکہ سنٹرل جیل پشاور ہائی سکیورٹی زون میں ہے اور خطرناک دہشت گرد یہاں قید ہیں۔

مراسلہ کے متن میں مزید کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا تھا، 9 کارکن جن کی تصاویر بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور سنٹرل جیل کے اطراف میں پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔

تھانہ شرقی نے پشاور سینٹرل جیل کے مراسلے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp