مسلم لیگ ن 2013 کی طرح مستحکم اور پائیدار حکومت بنانے کے لیے پُرامید

منگل 19 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید ہے ن لیگ مستحکم اور پائیدار حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی، پاکستان کے مسائل کا حل مستحکم حکومت کے قیام میں ہی ہے جو پالیسیاں بنا کر ان پر عمل کر سکے، لوگ ہمیں 2013 کی طرح مینڈیٹ دیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مذاکراتی ٹیم بات چیت کر رہی ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ اتحاد کا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کی کچھ نشستیں ایسی ہیں جن پر ایم کیو ایم ہمیں سپورٹ کرے گی، ہماری کراچی کی قیادت نے کہا ہے کوئی مرکزی رہنما کراچی سے الیکشن لڑے جس کے بعد ہم نے اصولی فیصلہ تو کر لیا ہے مگر حتمی نام سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن امیدواروں کا حتمی فیصلہ کرنے کے بعد انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی، نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز سمیت مرکزی قائدین انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے یہ سب مکافات عمل ہے، شیر افضل مروت کی مریم نواز کے حوالے سے گفتگو مضحکہ خیز ہے۔

احسن اقبال نے کہاکہ یہ وہ لوگ ایسی باتیں کر رہے ہیں جنہوں نے مریم نواز کو والد کے سامنے گرفتار کروایا۔ ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا مگر ہم روئے پیٹے نہیں۔

پی ٹی آئی والے اپنی حماقتیں بھگت رہے ہیں

سیکریٹری جنرل ن لیگ نے کہاکہ پی ٹی آئی والے اس وقت اپنی حماقتیں بھگت رہے ہیں، ہم نے تو ان کے خلاف کوئی کیس نہیں بنایا، اسمبلیاں توڑنے کا مشورہ عمران خان کو کس نے دیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سرفراز بگٹی کے پیپلزپارٹی میں جانے کے بعد امید ہے بلاول بھٹو لیول پلیئنگ فیلڈ کا شکوہ نہیں کریں گے چونکہ وہ نگراں حکومت کے وزیر داخلہ رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فلسطین کے حوالے سے نگراں حکومت کو کوئی بات نہیں کرنی چاہیے، یہ منتخب حکومت کا کام ہے، ہم فلسطین کی آزادی کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp