توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چوہدری نے اڈیالہ جیل میں اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کردی

منگل 19 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے لیے اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لوکل اور بین الاقوامی میڈیا کو جیل ٹرائل کور کرنے کی اجازت دی جائے۔

توہین الیکشن کمشن کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت شروع ہوئی تو فواد چوہدری نے وکیل فیصل چوھدری کے ذریعے اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شفافیت کے لیے جیل سماعت اوپن کی جائے۔ لوکل اور انٹرنیشنل میڈیا کے بغیر ٹرائل قابل اعتراض ہے، اوپن ٹرائل کا حکم دیا جائے۔

ان کا مؤقف تھا کہ مجھے فیملی اور وکلا سے ملنے کی اجازت بھی نہیں ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل اور ملزمان کے وکلاء کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

مقدمے کا پس منظر:

اگست 2022 میں الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس میں عمران خان کے مختلف بیانات، تقاریر، پریس کانفرنسز کے دوران اپنے خلاف عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ، غلط بیانات و من گھڑت الزامات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو 30 اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پیمرا کے ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے 11 مئی، 16 مئی، 29 جون، 19، 20 جولائی اور 7 اگست کو اپنی تقاریر، پریس کانفرنسز اور بیانات میں الیکشن کمیشن کے خلاف مضحکہ خیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، توہین آمیز بیانات دیے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جو براہ راست مرکزی ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے۔ مقدمہ مختلف عدالتوں سے ہوتا ہوا اڈیالہ جیل میں زیر سماعت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp