کھیتوں میں سوئی ہوئی بلیوں کے پورٹریٹس کیوں بنائے گئے؟

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اس خبر کے ساتھ جڑی تصویر کو ذرا ایک بار پھر دیکھیے ، آپ کو معلوم ہوگا کہ  بلی ایک مچھلی کو گلے لگا کر سورہی ہے۔ ایسے مناظر اکثر ٹی وی اسکرینوں پر کارٹون شوز میں ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ تاہم یہ تصویر تھائی لینڈ کے ان کھیتوں کی ہے جہاں مقامی کسانوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر روایتی کہاوتوں کو کارٹون کرداروں کے پورٹریٹس میں ڈھالا ہے۔

تھائی لینڈ کی خوشحالی سے جڑی روایتی کہانیوں اور کہاوتوں کی منظر کشی کرتے یہ کھیت اور کارٹون بلندی سے باآسانی دیکھے جاسکتے ہیں۔ کھیتوں کے کینوس پر کارٹون کی مصوری کرنے کا کارنامہ تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رائی سے تعلق رکھنے والے کسان تانیا پونگ جیکھم اور ان کی ٹیم نے انجام دیا ہے۔

اس کام کے لیے انہوں نے چاول کے کھیت میں مختلف مقامات پر کارٹون بلیوں کی تصویر کشی کے لیے پودے لگائے۔ اس سارے کام کا مقصد سیاحوں اور بلیوں سے محبت کرنے والوں کی توجہ حاصل کرنا تھا۔

کسان تانیا پونگ کو امید ہے کہ چاول کے کھیتوں میں بلیوں کے یہ کارٹون دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیتوں میں کارٹون بنانے کا یہ عمل جی پی ایس کوآرڈینیٹس پر انحصار کرتا ہے جس کی مدد سے پودوں کو آرٹسٹ کے بنائے گئے خاکے میں لگایا جاتا ہے۔

تانیا پونگ نے کہا کہ اس کے لیے پودوں کو درست طریقے سے لگانا نہایت ضروری ہے تبھی چاول کے پودے آہستہ آپستہ اپنا رنگ تبدیل کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فصل کی کٹائی کے آخری مرحلے میں اس بلی کے پورٹریٹ کا ماڈل واضح ہوجاتا ہے۔

تھائی لینڈ بھارت کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ اناج برآمد کرنے والا ملک ہے جو رواں مالی سال میں 8.5 ملین میٹرک ٹن اناج برآمد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

تانیا پونگ کا کہنا ہے کہ فن اور ٹیکنالوجی کو ایک ساتھ استعمال کرکے سیاحت اور زراعت کے شعبوں میں ترقی لائی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جاپان میں ماہر فنکاروں نے بھی چاول کے کھیتوں میں مختلف کرداروں کے پورٹریٹس تخلیق کیے تھے جنہیں دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں نے وہاں کا رخ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp