حج اسپانسر شپ اسکیم: درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حج کی اسپانسر شپ اسکیم کے تحت مطلوبہ درخواستیں موصول نہ ہونے پر حتمی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کے کوٹے پر صرف 3161 درخواستیں موصول ہوسکی ہیں۔

سرکاری ریگیولر حج اسکیم کے تحت 63 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ ریگولر اسکیم کے تحت درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 دسمبر ہے۔

یاد رہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا عمل 27 نومبر کو شروع ہوا تھا جس کی آخری تاریخ پہلے 12 دسمبر تھی تاہم 10 دن کے اضافے کے بعد آخری تاریخ 22 دسمبر کر دی گئی تھی۔ 19 دسمبر تک اسپانسر شپ اور ریگولر حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 59328 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

اس وقت وزارت مذہبی امور سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ آئندہ برس قریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔ پہلی بار خواتین حجاج محرم کے بغیر بھی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان سے ہر سال لاکھوں عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوتے ہیں اور پہلے تو سرکاری حج کے لیے درخواستیں جمع کرانے والوں کی تعداد اتنی زیادہ ہوتی تھی کہ قرعہ اندازی کے ذریعے امیدواروں کو حج پر بھیجا جاتا تھا تاہم اب مہنگائی کے باعث حج پر جانے والوں کی تعداد میں انتہائی کمی واقع ہوئی ہے۔

رواں سال ایک حاجی کو فی کس قربانی کے اخراجات سمیت قریباً 11 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔

یاد رہے کہ وزارتِ مذہبی امور نے گزشتہ سال 20 ہزار کا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کیا تھا تاہم اس بار اب تک گزشتہ برس سے بھی کم درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp