پنجاب حکومت 35 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی، کابینہ کا فیصلہ

ہفتہ 4 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا آٹھواں اجلاس ہوا جس میں گندم خریداری پالیسی برائے 2023-24 کی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت 35 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی جبکہ صوبہ بھر میں گندم خریداری کے لیے 395سنٹرز بھی بنائے جائیں گے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم کو روزانہ کی بنیاد پر گندم خریداری مہم کاجائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ اجلاس میں محسن نقوی نے میٹروبس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر کرنے و الے طلبا وطالبات کو فری سفر کی سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کو جلد سمری جلد بھجوانے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے میٹروبس پر سفر کرنے والے مزدوروں کے لیے بس سروس کو صبح ساڑھے 6 بجے کی بجائے صبح 6 بجے چلانے کا پلان طلب کرلیا ہے۔

نگراں وزیر اعلی نے کہا کہ ہزاروں مزدور میٹروبس پر سفر کرتے ہیں اور انھیں 7بجے اپنے کام پر پہنچنا ہوتا ہے اور صبح 6 بجے میٹروبس سروس شروع ہونے سے ہزاروں مزدور بروقت منزل مقصود پرپہنچ سکیں گے۔

کابینہ اجلاس میں محکمہ خوراک کے فوڈ آپریشن کے حوالے سے سرکلر ڈیٹ میں 300ارب روپے کمی کے پلان کی منظوری جبکہ نان اے سی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر نظرثانی کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

 پنجاب کابینہ اجلاس میں صوبے میں میرٹ کے فروغ اور سفارش کلچر کے خاتمے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

راولپنڈی، اسلام آباد اور مری کے لیے جوائنٹ کوآرڈیینشن کمیٹی کے قیام، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی 3 سالہ آڈٹ رپورٹس، لاہور گیریژن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر تعیناتی کی منظوری بھی دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ حکام شرکت تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp