پی ٹی آئی کی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست پر سماعت کا فیصلہ، سپریم کورٹ نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر درخواست آج ہی سنی جائے گی۔
پی ٹی آئی سے وابستہ وکیل نیاز اللہ نیازی نے سائفر مقدمے کی سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس سردار طارق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات چھینے جا رہے ہیں، چھین کر پھاڑے جا رہے ہیں، عثمان ڈار کی والدہ کے ساتھ کیا ہوا، اس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ کے امیدوار اشتہاری ہوں گے تو اور کیا ہوگا؟
مزید پڑھیں
جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے؟ اس پر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ 10 دن سے بلے کے نشان کے لیے وہاں بحث کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کا کردار سب کے سامنے ہے، اس پر قائم مقام چیف جسٹس جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ آپ کے اپنے بندے کہہ رہے ہیں انٹرا پارٹی انتخابات ٹھیک نہیں ہوئے۔
اس پر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے درخواست دائر کر رکھی ہے، اس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے آفس کو ہدایت دی ہے کہ آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرے۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق کی سربراہی میں بینچ سماعت کچھ دیر بعد کرے گا۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ بینچ کا حصہ ہوں گے۔