بی جے پی کا حمایت یافتہ ریسلنگ فیڈریشن کا صدر منتخب، بین الاقوامی خاتون ریسلر احتجاجاً مستعفی

جمعہ 22 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی ساتھی اور بزنس پارٹنر سنجے سنگھ کے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر منتخب ہونے پر خاتون ریسلر ساکشی ملک نے ریسلنگ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارت میں برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے ہراساں کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر منتخب کیے جانے کے خلاف انڈین خواتین ریسلر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

https://twitter.com/Politics_2022_/status/1737813988191478053

خواتین کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف جنسی ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، اسی خدشے کے پیش نظر خاتون ریسلر ساکشی ملک نے ریسلنگ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق 18 جنوری 2023 کو پہلوان ونیش پھوگاٹ، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا نے ریسلنگ فیڈریشن کےسابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کئی سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

 ونیش پھوگاٹ نے روتے ہوئے کہا تھا کہ برج بھوشن سنگھ اور کوچ، نیشنل کیمپ میں خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کرتے ہیں۔

پھوگاٹ نے کہا تھا وہ ہماری ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں ۔ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے برج بھوشن سنگھ نے تب کہا تھا کہ کسی کھلاڑی کے ساتھ جنسی زیادتی نہیں کی گئی۔

اس کے بعد مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے ان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور 23 جنوری کو الزامات کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

کمیٹی کی تحقیقات کے بعد اس معاملے میں ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 354، 354 اے، 354 ڈی اور 506 (1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں وہ ضمانت پر ہیں جبکہ حالیہ انتخابات میں ان کے قریبی ساتھی سنجے سنگھ ریسلنگ فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

خاتون ریسلر ساکشی ملک نے ایک پریس کانفرنس میں ریسلنگ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ میں آج کے بعد آپ کو دوبارہ کبھی کھیل کے میدان میں نظر نہیں آؤں گی۔

اس کے بعد انھوں نے پریس کانفرنس میں اپنے وہ جوتے جو وہ پہن کر ریسلنگ کرتی تھیں اُٹھائے اور اُنھیں میز پر رکھ دیا۔ برج بھوشن شرن سنگھ نے ساکشی ملک کے اس فیصلے پر رد عمل میں کہا کہ ساکشی ملک کے ریسلنگ چھوڑنے کے فیصلے سے میرا کوئی لینا دینا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp