امریکی محکمہ زراعت کی جانب سے ہرنوں کی سانتا کلاز گاڑی کو لوگوں میں تحائف تقسیم کرنے کی اجازت دے دی ہے، دلچسپ بات یہ تھی کہ اس سے قبل سانتا کلاز کے بیمار ہرنوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں تھی اور اس کے لیے باقاعدہ قانون نافذ کیا گیا تھا۔
امریکی شعبہ ’ڈی اے‘ کا کہنا ہے کہ ان کی اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ انسپکشن سروس نے جمعرات کو قطب شمالی سے تحائف تقسیم کرنے کے لیے آنے والے ایس نکولس سانتا کلاز کے ہرنوں کو ٹرانزٹ پرمٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ اس اجازت نامے کے تحت سانتا کلاز کے ہرنوں والی گاڑی کو24 دسمبر اور 25 دسمبر کی شام 6 بجے کے درمیان ملک کے اندر اور باہر آزادانہ طور پر آنے اور جانے کی اجازت ہوگی۔
مارکیٹنگ اور ریگولیٹری پروگراموں کی انڈر سیکریٹری جینی لیسٹر موفیٹ نے ایک پریس ریلیز میں کہاکہ ’یو ایس ڈی اے سانتا کلاز کے ہرنوں کو امریکا میں داخلے کے لیے خصوصی اجازت نامہ دینے پر خوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سانتا کلاز کے ہرنوں کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہیں اور کرسمس تہوار کے دوران امریکی دودھ، چاکلیٹ اور کوکیز جیسے اہم تحائف کو قبول کرتے ہیں۔
یو ایس ڈی اے کی چیف ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر روزمیری سفورڈ نے کہا کہ سانتا کلاز کے ہرنوں کی صحت کے تمام ضروری معائنے کیے گئے ہیں۔
سفورڈ کا کہنا تھا کہ حالیہ معائنے میں ایک ہرن جس کے بیمار ہونے کے خدشات پائے گئے تھے وہ اب مکمل صحت مند پایا گیا۔اس سے قبل ہیلتھ سرٹیفکیٹ میں ہرن روڈولف میں معمولی جسمانی بیماری درج کی گئی تھی۔