عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

ہفتہ 23 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سزا کا فیصلہ معطل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، دائر کردہ درخواست کے مطابق توشہ خانہ کیس میں سزا پہلے ہی معطل ہو چکی ہے، ہائیکورٹ نے صرف سزا معطل کی پورا فیصلہ نہیں کیا گیا، ہائیکورٹ کے فیصلے میں غلطی کا الیکشن کمیشن نے فائدہ اٹھایا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے لیکن انتخابات قریب ہیں، بانی پی ٹی آئی ملک کے سابق وزیراعظم بھی ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کو انتخابات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ الیکشن میں حصہ لیا جاسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم اور سابق خاتون اوّل کے خلاف ایک اور توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا تھا جس کے نکات بھی سامنے آئے تھے۔

نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت میں تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا تھا۔ عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کی تھی۔

ریفرنس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 108 تحائف ملے جن میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp