شاہ محمود کی صاحبزادی مہربانو نے سائفر کیس ٹرائل پر سوالات اٹھا دیے

ہفتہ 23 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی نے کہا ہے کہ آج شاہ محمود قریشی کی رہائی نہیں ہو سکتی۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ آج سائفر کیس کی جیل میں سماعت ہونی ہے، اس حوالے سے اچانک پتا چلا۔

انہوں نے کہاکہ جج صاحب نے پہلے کہاکہ اوپن ٹرائل نہیں ہے، پھر کہا ٹرائل اوپن ہے، ’اگر اوپن ٹرائل تھا تو پھر میڈیا کے تمام لوگوں کو اندر ہونا چاہیے تھا‘۔

مہربانو قریشی نے کہاکہ ہمارے جیل پہنچنے سے قبل ہی ٹرائل شروع کر دیا گیا تھا اور ملزمان کی عدم موجودگی میں گواہواں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے تھے جس پر ہم نے احتجاج کیا۔

مہربانو قریشی نے کہاکہ سائفر کیس میں جو ہو رہا ہے اس کا فیئر ٹرائل سے کوئی لینا دینا نہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی تھی تاہم ضروری قانونی کارروائی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے شاہ محمود کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی۔

اب اتوار کے بعد پیر 25 دسمبر کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم پیدائش پر بھی عام تعطیل ہو گی جس کے باعث شاہ محمود کو مزید 2 دن جیل میں رہنا پڑے گا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ کیس میں گرفتار ہیں اس وجہ سے ان کی رہائی ابھی ممکن نہیں اور وہ بدستور جیل میں ہی رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp