انوار الحق کاکڑ نے طویل دورانیے کے نگراں وزیر اعظم کا ریکارڈ بنا لیا

اتوار 24 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سب سے طویل دورانیے کے لیے نگراں وزیر اعظم رہنے والے انوار الحق کاکڑ نے ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انوار الحق کاکڑ نے 14 اگست 2023 کو حلف اٹھایا تھا، تب سے اب تک 131 دن مکمل ہو چکے ہیں لیکن وہ نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک کام کرتے رہیں گے۔

انوار الحق کاکڑ واحد نگراں وزیر اعظم ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ عرصہ منصب سنبھالے رکھا، ان سے پہلے میاں سومرو 16 نومبر 2007 سے 24 مارچ 2008 تک 130 دن نگراں وزیراعظم رہے تھے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق انوارالحق کاکڑ نے بطور آٹھویں نگراں وزیراعظم 14 اگست 2023 کوحلف اٹھایا تھا اور اسی ہی روز ان کی بطور نگران وزیر اعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا۔

جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک 79 روز یکم جون 2018 سے 18 اگست 2018 تک 79 دن نگراں وزیر اعظم رہے۔ جسٹس ریٹائرڈ میرہزارخان کھوسو 71 روز 25 مارچ 2013 سے 4 جون 2013 تک نگراں وزیر اعظم تھے۔

محمد میاں سومرو 130 روز 16 نومبر 2007 سے 24 مارچ 2008 تک نگراں وزیراعظم رہے۔ اسی طرح معراج خالد 104 روز 5 نومبر 1996 سے 16 فروری1997 تک نگراں وزیراعظم رہے۔

معین قریشی 92 روز 18 جولائی 1993 سے 18 اکتوبر 1993 تک بطور نگراں وزیراعظم تھے۔ بلخ شیر مزاری اب تک سب سے کم عرصے 38 روز کے لیے 18 اپریل 1993 سے 26 مئی 1993 تک نگراں وزیراعظم تھے جبکہ غلام مصطفیٰ جتوئی 91 روز 6 اگست 1990 سے 5 نومبر 1990 تک نگراں وزیراعظم رہے۔

واضح رہے انوار الحق کاکڑ اس منصب پر فائز رہنے والے تمام اشخاص کی نسبت زیادہ مقبول، زیادہ بیرون ملک کے دورے کرنے اور زیادہ میڈیا پر رہنے والے  وزیر اعظم قرار دیے جا رہے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ کو یو این جنرل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp