عمران خان کی گرفتاری ، اسلام آباد پولیس زمان پارک پہنچ گئی

اتوار 5 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لئے اسلام آباد پولیس زمان پارک لاہور پہنچ گئی۔

ٹیم ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں لاہور پہنچی ہے، اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کےلئے لاہور پولیس کی معاونت کےلئے درخواست  دی تھی ۔ جس کے بعد ایس پی سٹی حسین طاہر ٹیم کے ہمراہ زمان پارک پہنچ گئے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم کو گرفتار کرنے آئی ہے۔

نوٹس

ایس پی سٹی اسلام آباد نے بتایا ہے کہ ان کا ایس ایچ او زمان پارک میں عمران خان کے گھر  میں موجود ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ جب تک عمران خان کی قانونی ٹیم نہیں آجاتی ہم ان کو زمان پارک کے اندر جانے نہیں دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری وکلاء کی ٹیم کا انتظار کیا جائے پھر نوٹس لیا جائے گا۔

عمران خان کی گرفتاری کی کوشش حالات کو شدید خراب کردے گی ، فواد چودھری

دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کردے گی۔

انھوں نے کہا کہ میں اس نااہل حکومت اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہ رہا ہوں کہ وہ پاکستان میں مزید بحران میں نہ دھکیلے اور ہوش سے کام لے۔

انھوں نے تحریک انصاف کے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حکمران عمران خان کو گرفتار کر کے پاکستان میں امن و امان کا مسئلہ کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ فساد ہو اور الیکشن ملتوی ہوجائیں۔ وفاقی حکومت اور پنجاب کی نگران حکومت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کو عدالت بلا کر قاتلانہ حملہ کروانا چاہتے ہیں، انھیں راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں کیوں کہ ان کو علم ہے کہ عمران خان جب آئے گا تو ان کی لوٹ مار کا حساب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ہم پورے پاکستان میں پر امن احتجاج کی کال دیں گے، ایسا احتجاج کریں گے کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا احتجاج کبھی نہیں ہو گا۔

رہنما پی ٹٰی آئی نے کہا کہ عمران خان سارے قانونی تقاضے پورے کریں گے،انھوں نے کہا کہ پچاس روپے کے اسٹام پیپر پر بھاگا ہوا شخص کیوں عدالت میں پیش نہیں ہو رہا ، کیوں اس کو عدالتیں نہیں بلا رہیں؟

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے نوٹس موصول کر لیا ہے، نوٹس میں عمران خان کی گرفتاری کا کوئی حکم نہیں ہے ، ہم اپنی قانونی ٹیم کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔ عمران خان پر پہلے بھی قاتلہ حملہ ہوا اور اب بھی خدشہ ہے کہ عمران خان پر دوبارہ قاتلانہ حملہ ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، عمران خان سے مشاورت کے بعد رد عمل دیں گے، ہمارا سیاسی رد عمل بھی ہو گا لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی پر سکون اور متحدہ ہے۔ حکمران یہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابات سے فرار چاہتے ہیں۔

ان کا باپ بھی عمران خان کو گرفتار نہیں کرسکتا، شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ممکنہ گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا باپ بھی عمران خان کو گرفتار نہیں کرسکتا۔

اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا اگر نوٹس دینے آئے تھے تو نوٹس ویسے بھی دیا جاسکتا تھا۔ ان کا دماغ خراب ہے، یہ عقل کے اندھے ہیں۔ ان کا دماغی توازن خراب ہوگیا ہے۔ ان کو سپریم کورٹ کا جھٹکا لگ گیا ہے۔ یہ آرٹیکل 6 کی زد میں آئیں گے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا بیان

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے۔ لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی ۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے ۔

بعدازاں اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ عمران خان گرفتاری سے گریزاں ہیں۔ ایس پی صاحب کمرے میں گئے ہیں مگر وہاں عمران خان موجود نہیں۔ ٹیم عمران خان کی گرفتاری کےلیے پہنچی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp