اسلام آباد میں بلوچ مظاہرین کا دھرنا، گرفتار کیے گئے 290 افراد رہا

اتوار 24 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچ یکجہتی کونسل کے مظاہرین کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاج جاری ہے۔ جبکہ وزیراعظم پاکستان اور تشکیل کردہ کمیٹی کی ہدایات پر جوڈیشل کیے گئے تمام افراد عدالتی احکامات کے بعد جیل سے رہا ہو گئے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ کل 290 مظاہرین پولیس کی تحویل اور جیل سے رہا ہوئے ہیں۔

اس سے قبل گرفتار افراد کی رہائی کے عمل کے لیے پولیس اسپیشل ہیلپ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا تھا کہ قانون کے تحت گرفتار افراد کی رہائی کا عمل جاری ہے اور ایس ایس پی عبد الحق عمرانی کو اس عمل کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پولیس خصوصی مدد سنٹر 2 روز تک قائم رہے گا۔ تمام عمل کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی قائم کردہ کمیٹی کے ارکان وفاقی وزرا فواد حسن فواد اور مرتضیٰ سولنگی نے گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ کے ہمراہ بلوچستان سے آئے ہوئے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں اطراف سے اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

یاد رہے کہ بلوچ یکجہتی مارچ کے شرکا 6 دسمبر کو بلوچستان کے شہر تربت سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے۔ یہ مارچ بدھ کی شام اسلام آباد کی حدود میں پہنچا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp