وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس عدالتی احکامات پر قانونی کارروائی پوری کرنے زمان پارک کرنے گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا مشکل نہیں، ان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں گرفتار کیا جا سکتا تھا، 25 فروری کو بھی حراست میں لیا جا سکتا تھا مگر چاہتے ہیں کہ عمران خان عدالت کے حکم پر گرفتار ہوں اور عدالت ہی انہیں نا اہل کرے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کا کوئی معاملہ نہیں ہے، عمران خان صرف سزا سے بچنے کے لیے زمان پارک میں چھپے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، چور کو پتہ ہے چوری کی ہے، گرفتار ہوا تو فرد جرم لگے گی اور عدالت میں جواب دینا پڑے گا۔ عمران خان کی گرفتاری کا جس دن فیصلہ کر لیا تو اس پر عمل کرنا مشکل نہیں ہو گا۔