عام انتخابات: ملک بھر سے کتنے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے؟

پیر 25 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئندہ عام انتخابات 2024 کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر کل 28 ہزار 626 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل اور مخصوص نشستوں کے لیے جمع کرائے کاغذات نامزدگی کی عبوری فہرست جاری کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 عمومی نشستوں پر 7 ہزار 713 امیدوار جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی 70 نشستوں پر 609 امیدواروں کے کاغذات جمع ہوئے۔

اس کے علاوہ صوبائی اسمبلیوں کی جنرل 593 نشستوں پر 18 ہزار 546 امیدواروں اور 156 صوبائی مخصوص نشستوں پر 2 ہزار 367 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں پر 7 ہزار 242 مرد اور 471 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔

اسی طرح چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593 نشستوں پر 17 ہزار 744 مرد اور 802 خواتین میدان میں ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستوں پر 8 ہزار 592 مرد اور 437 خواتین نے کاغذات جمع کرائے، سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں پر 4 ہزار 60 مرد اور 205 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں کے لیے 3 ہزار 349 مردوں اور 115 خواتین کے کاغذات جمع

خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر 3 ہزار 349 مرد اور 115 خواتین امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جبکہ بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 1743 مرد اور 45 خواتین امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں پر 459 جبکہ 10 مخصوص نشستوں پر 150 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

پنجاب میں خواتین کی 66 نشستوں پر 601 اور اقلیتوں کی 8 نشستوں پر 127 امیدوار سامنے آئے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص 29 نشستوں پر 309 اور اقلیتوں کی مختص 9 نشستوں پر 125 امیدوار سامنے آگئے۔

ملک بھر میں 28 ہزار 626 امیدوار میدان میں آ گئے

خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 26 مخصوص نشستوں پر 321 جبکہ اقلتیوں کی مخصوص 4 نشستوں پر 74 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی 11 مختص نشستوں پر 134 جبکہ غیر مسلموں کی 3 مختص نشستوں پر67 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

اس طرح ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر 28 ہزار 626 امیدوار میدان میں آگئے۔

امیدواروں کی طرف سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل پیر سے شروع ہوگیا ہے جبکہ 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp