عام انتخابات میں نوجوانوں کی شرکت پر پلڈاٹ کی رپورٹ جاری

بدھ 20 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پلڈاٹ (پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی) نے باڈی شاپ پاکستان کے اشتراک سے ’جمہوریت کا مہرا: نوجوانوں کی پاکستان میں انتخابی شرکت‘ کے عنوان سے ایک اہم رپورٹ کا اجرا کیا ہے۔

رپورٹ کے اجرا کی تقریب کے موقع پر سیاسی رہنماؤں، بااثر شخصیات، مختلف اداروں سے وابستہ اعلیٰ سطحی حکام کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب نے اپنے ابتدائی خطاب میں نوجوانوں کے ووٹوں کی خاصی کم تعداد کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا جو کہ تقریباً 44 فیصد کے مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ سے کم ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نئے تزویراتی منصوبہ بندی میں نوجوانوں پر مرکوز مقاصد کو شامل کرنے کے اقدامات کو سراہا۔

پلڈاٹ کی سینیئر پراجیکٹس مینیجر آمنہ کوثر نے رپورٹ کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔ جس نے ’نوجوانوں کی انتخابی شرکت‘ کے موضوع پر متحرک مکالمے کا سماں باندھا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 15 سے 29 سال کی عمر کی آبادی 29 فیصد ہے جو انتخابی نتائج پر اہم ممکنہ اثر و رسوخ کی طرف اشارہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر 2023 تک پاکستان میں تقریباً 127 ملین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ ان میں سے تقریباً 55 ملین ووٹرز نوجوان پاکستانی ہیں جن کی عمریں 18 سے 35 سال کے درمیان ہے۔ یہ عمر کا گروپ ووٹ ڈالنے کی کل اہل آبادی کا تقریباً 43.85 فیصد نمائندگی کرتا ہے جو اسے ملک کے انتخابی منظر نامے میں ایک اہم آبادی کا حصہ ہے۔

نوجوانوں، اقلیتوں اور خواتین کو برابری کا میدان چاہیے، فرحت اللہ بابر

رپورٹ کے اجرا کے موقع پر ایک فکر انگیز مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے انتخابی عمل میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے نوجوانوں، اقلیتوں اور خواتین کی فعال شمولیت کی وکالت کرتے ہوئے ایک برابری کے میدان کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی اور ان کی بے اعتمادی پر روشنی ڈالی، اور انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے 4 اہم عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے، طلبہ یونینز کی بحالی، سروے اور نوجوانوں کی شرکت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

نگہت صدیق نے نوجوان ووٹرز کی شمولیت کے لیے الیکشن کمیشن کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کی نمائندگی کرنے والی نگہت صدیق نے طلبا کو ووٹنگ کے عمل کے بارے میں آگاہی دینے میں الیکشن کمیشن کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا، نوجوانوں کی کم تعداد کو قومی شناختی کارڈز کے مسائل اور وسیع پیمانے پر رسائی کے اعدادو شمار تک رسائی کے حوالے سے پلڈاٹ کے تعاون سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

بلال گیلانی کا نوجوانوں کی ووٹوں کی تعداد کم ہونے کے خدشات کا اظہار

گیلپ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلال گیلانی نے اپنے سروے کے نتائج کی بنیاد پر عدم اعتماد اور رجسٹریشن کی مشکلات کو خطرناک عوامل قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کے ووٹوں کی کم تعداد کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔

ضیغم خان کا طلبہ یونینز کو بحال کرنے پر زور

ضیغم خان نے ’یوتھ بلج‘ اور نوجوانوں کی صلاحیت کے درمیان فرق کو اجاگر کیا، انہیں سیاست میں شامل کرنے اور طلبہ یونینز کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سینیٹر افنان اللہ نے اپنی پارٹی کے منشور کا خاکہ پیش کیا

سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے اپنی پارٹی کے منشور کا خاکہ پیش کیا اور نوجوانوں کی انتخابی شرکت کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی تجویز کی۔

آخر میں سینیٹر سید علی ظفر نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کا مستقبل نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں مضمر ہے اور ووٹ کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp