سرچ انجن گوگل نے مختلف ممالک کے حوالے سے ڈیٹا جاری کیا ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ سال 2023 کے دوران صارفین نے کیا جاننے میں سب سے زیادہ دلچسپی ظاہر کی۔
اگر اس فہرست پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات ٹک ٹاکر حریم شاہ اور یوٹیوبرعلیزے سحر تھیں۔
اگر کھیلوں کی بات کی جائے تو اس فہرست میں کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سے لے کر مختلف تقاریب کا ذکر ہے جیسے پاکستان سپر لیگ اور ایشیا کپ۔
پاکستان میں ایک طرف ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی چیزوں میں ’چیٹ جی پی ٹی‘ شامل تھی، جبکہ دوسری طرف پاکستان میں سب سے زیادہ لوگوں نے سموسے، کلیجی اور شیر خرما کی ترکیبیں تلاش کی تھیں۔
فلموں کی بات کی جائے تو پاکستانیوں نے سب سے زیادہ فلم ’اوپنہائمر‘ اور ’جوان‘ کو گوگل پر سرچ کیا۔
پاکستان میں سب سے زیادہ پوچھے گئے سوال یہ تھے کہ
واٹس ایپ چینل کیسے بناتے ہیں؟
کینیڈا کے ویزا کے لیے کیسے اپلائی کرتے ہیں؟
پھولوں کو دیر تک کیسے زندہ رکھتے ہیں؟
جی میل اکاؤنٹ کیسے ریکوور کرتے ہیں؟
ہاتھوں سے مہندی کیسے اتارتے ہیں؟
دیگر سوالوں میں چیٹ جی پی ٹی کیسے استعمال کرتے ہیں؟ میٹرک کا رزلٹ کیسے چیک کرتے ہیں؟ سنیپ چیٹ پر اے آئی (مصنوعی ذہانت) کیسے چلاتے ہیں؟ تراویح کی نماز کیسے پڑھتے ہیں؟ جیسے سوالات شامل تھے۔
خبروں اور موضوعات میں پاکستان میں سب سے زیادہ اسرائیل اور غزہ میں جنگ، احساس پروگرام، پاکستانی روپے اور پشاور دھماکے کو سرچ کیا گیا۔
سب سے زیادہ سرچ کی گئی فلموں اور ٹی وی شوز میں اوپنہائمر، جوان، پٹھان، باربی، ٹائیگر تھری، غدر ٹو، کیری آن جٹا تھری، جان وک فور، فرضی اور ایکسٹریکشن ٹو شامل ہیں۔
پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی گئی شخصیات میں حریم شاہ، علیزے سحر، ٹائیگر شروف، عبد اللہ شفیق، عثمان خان، انوار الحق کاکڑ، گلین میکسویل، شبمن گل، سعود شکیل اور حسیب اللہ خان کے نام شامل ہیں۔