میلبرن ٹیسٹ کا دوسرا روز: پہلی اننگ میں پاکستان نے 52 اضافی اسکور دیے، کیا یہ ریکارڈ ہے؟

بدھ 27 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیسٹ سیریز کھیلنے آسٹریلیا کے دورے پر ہے، پرتھ ٹیسٹ میں شکست کے بعد میلبرن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھرپور کم بیک کرنے کے لیے قومی ٹیم بھرپور کوشش کر رہی ہے، تاہم دوسرے روز کا کھیل جاری ہے اور آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بنائے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 52 اضافی اسکور دیے ہیں جو کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں۔

میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم (ایم سی جی) میں پاکستان نے پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 52 اضافی اسکور دیے، پاکستان نے وائیڈز میں 15 رنز، 20 بائی رنز اور لیگ بائی میں 15 رنز دیے۔ یہ کسی بھی  ٹیم کی طرف سے ایک اننگز میں دیے گئے اب تک کے سب سے زیادہ اضافی رنز تھے۔

میلبرن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، آسٹریلیا اپنی پہلی اننگ میں 318 رنز بنا سکا۔ اننگ کا آغاز پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے کیا تاہم چائے کے وقفے تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 68 رنز بنا لیے تھے۔

عبد اللّٰہ شفیق 39 اور کپتان شان مسعود 15 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ امام الحق 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل میلبرن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پہلے سیشن میں پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشین 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، عثمان خواجہ 42 اور مچل مارش 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ وارنر نے 38، اسٹیو اسمتھ 26، ٹریوس ہیڈ 17 اور کپتان پیٹ کمنز 13 رنز بنا سکے۔

عامر جمال نے 3، شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے، اس سے قبل  کینگروز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا تھا۔ بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو کینگروز کی ایک وکٹ مزید گر گئی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp