ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے بینکنگ فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون زعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کی زیر نگرانی چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کر کے بینکنگ فراڈ میں ملوث ملزم محمد فیاض کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزم محمد فیاض نجی بینک میں جعلی اکاؤنٹس کھلوانے میں ملوث تھا، ملزم نے نجی بینک اسٹاف کی ملی بھگت سے شکایت کنندہ کے نام پر جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوایا اور جعلی چیک بک حاصل کرکے مختلف رقوم کے چیک جاری کیے جو کہ بعد میں باؤنس ہو گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق، 2020ء میں ملزم فیاض کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت نے آرڈر جاری کیے تھے جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ملزم گزشتہ 2 سال سے روپوش تھا، جس کی گرفتاری کے لیے متعدد بار چھاپے مارے گئے، تاہم اب ملزم کو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔