بینظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ: ہم الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں، بلاول بھٹو

بدھ 27 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج سے 16 برس قبل کچھ قوتوں نے سوچا کہ بینظیر بھٹو کو شہید کر کے وہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ختم کر دیں گے، وہ کسان، مزدور اور نوجوان کی آواز کو دبا دیں گے مگر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے اس سازش کو ناکام بنادیا۔

بینظیر بھٹو شہید کی 16ویں برسی پر گڑھی خدابخش میں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر وفاق کو کوئی جماعت بچا سکتی ہے تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے ہم نے 18ویں آئینی ترمیم کی۔ اس کے علاوہ صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دلوایا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ آج پاکستان اس وقت جس مشکل میں ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک بار پھر پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں تاکہ ہم عوامی راج قائم کریں اور عام آدمی کے مسائل حل ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے اور پھر ایک آمر کو نکال کر اس نعرے کو سچ ثابت کر کے دکھایا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم انقلابی منشور کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیں گے، ہم الیکشن کو مقابلہ سمجھتے ہیں اور ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اس بار بھی مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے۔

8 فروری کو عوام تیر پر مہر لگائیں گے

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم ان میں سے نہیں جو الیکشن سے ڈرتے ہیں اور مخالفین کے کاغذات نامزدگی چھینتے ہیں، ہمارا آج بھی یہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں۔ 8 فروری کو عوام تیر پر مہر لگائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ آج بھی کسی اور کے کندھوں پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کو میرا پیغام ہے کہ قائد عوام نے ہم کو یہ نعرہ دیا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر عوام کی قسمت بدلیں گے، پرانے دور کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے عمران خان کا مقابلہ کیا، یہ اس لیے ضروری تھا کہ ملک کی معیشت کو بچایا جائے۔

16ماہ کی حکومت میں اتحادیوں نے معیشت کی بہتری اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات نہیں کیے

انہوں نے کہاکہ 16 ماہ کی حکومت میں ہم نے خارجہ محاذ پر کام کرکے دکھایا مگر ہمارے اتحادیوں نے مہنگائی کے خاتمے اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی۔

بلاول بھٹو نے ن لیگ کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اب ان کا اور ہمارا راستہ الگ ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ پرانے سیاستدان آج بھی تقسیم اور نفرت کی سیاست کر رہے ہیں مگر ہمیں ملک کے مسائل کے بارے میں سوچنا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ ایک سیاستدان جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑنا چاہتا ہے مگر عوام کو اس سے کوئی دلچسپی نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ اگر عوام نے الیکشن میں پیپلزپارٹی کو موقع دیا تو عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔

بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن جیتنے کی صورت میں عوام سے 10 وعدے

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہماری حکومت بنی تو 5 سالہ دور میں تنخواہیں ڈبل کریں گے تاکہ لوگ مہنگائی کا مقابلہ کر سکیں، اور ہم ایسا کر کے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت بجلی کے بلوں کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ہم اقتدار میں آکر 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر تعلیمی نظام کو فعال کریں گے، ایسے منصوبے لائیں گے تاکہ طلبا و طالبات اپنی تعلیم مکمل کر سکیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہاکہ ہم صحت کی بنیادی سہولیات ہر آدمی دیں گے اور لوگوں کا مفت علاج ہو سکے گا۔ ملک کے تمام اضلاع میں صحت کا مفت نظام دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آکر 30 لاکھ گھر بنائیں گے اور غریب لوگوں کو دیے جائیں گے جو ایک انقلابی منصوبہ ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ آصف زرداری نے جب بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام بنایا تو لوگ اس کا مذاق اڑاتے تھے مگر آج دنیا مانتی ہے کہ یہ ایک انقلابی پروگرام ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ اب حکومت بنے گی تو بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اب ہم حکومت میں آکر کسان اور ہاری کارڈ دیں گے، اس کے علاوہ مزدور کو وہ حق دلائیں گے جو ان کا حق بنتا ہے۔

پی پی پی چیئرمین ے کہاکہ اس ملک کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارا وعدہ ہے کہ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کی مدد کی جائےگی۔ جو نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں ان کی ایک سال تک مالی مدد کی جائے گی۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ تمام ڈویژنز میں نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹرز بنائیں گے تاکہ وہ وہاں جا کر پڑھائی کر سکیں، اس کے علاوہ وہاں پر بہت کچھ سیکھنے کے مواقع بھی ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ملک سے بھوک کو مٹانا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کا بھوک مٹاؤ پروگرام ایک انقلابی پروگرام ہو گا جس کی بنیاد پر ہم بیروزگاری کا مقابلہ کریں گے۔

جیالے ہی اس ملک کو بچائیں گے

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ جیالے ہی اس ملک کو بچائیں گے، عوام پرانی اور نفرت کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ آپ ایک ماہ کے لیے اپنے آپس کے اختلافات ختم کریں تاکہ 8 فروری کو کامیابی مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو پیغام ہے کہ ہم اقتدار میں آکر بلوچستان کو ترقی یافتہ بنا کر دکھائیں گے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں بھی حکومت بناکر صوبے کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ قائد عوام کا چاہنے والا جیالا آج بھی لاہور میں موجود ہے، ہم لاہور میں بھی الیکشن میں حصہ لے کر جیتنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا لاہور کی یہی قسمت رہ گئی ہے کہ چوتھی بار بھی اُسی شخص کو مسلط کرنا ہے۔ اب لاہور تیار ہے اور منہ توڑ جواب دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp