نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا ریسکیو 1122 ایمبولینسز کے لیے جدید آلات کی فراہمی کا اعلان

جمعرات 28 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ریسکیو ایمرجنسی سروس 1122 کی ایمبولینسز میں 24 سے 30 کروڑ کی لاگت سے دل کے مریضوں کی زندگیاں بچانے والے جدید طبی آلات کی تنصیب کا اعلان کیا ہے۔

ریسکیو 1122 ٹریننگ اکیڈمی میں تقریب سے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 1122 کی 800 ایمبولینسز ہیں، یہ ایمبولینسز بہترین ہیں جن میں کوشش کی جاتی ہے کہ تمام سہولیات میسر ہوں، کچھ خصوصی ایمبولینسز میں وینٹی لیٹر اور دیگر اہم آلات بھی نصب ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز میں جدید طبی آلہ اے ای ڈی بھی ہونا چاہیے جو کہ دل کے مریضوں کی حرکت قلب بند ہوجانے پر ایمرجنسی صورتحال میں کرنٹ دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دل کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس جدید آلے کی جلد از جلد فراہمی ممکن بنائی جائے گی تاکہ ان مریضوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔

ریسکیو 1122 کے جوانوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے آپ کی تربیت کی گئی وہ آپ کے لیے ہی نہیں بلکہ پنجاب کے لیے بھی باعث فخر ہے، 1122 کی جانب سے بلوچستان میں بھی ایک ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ وہاں پر بھی لوگ جدید ریسکیو خدمات سے استفادہ کرسکیں، جوان جہاں بھی جائیں یہاں سے ٹریننگ کے ساتھ محبت اور پیار کا پیغام لیکر جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک یہ اکیڈمی 24 ہزار جوانوں کو تربیت فراہم کرچکی ہے، پنجاب میں رہنے والے ہر فرد کو 1122 کا نمبر یاد ہے، کوئی ایمرجنسی ہو تو ذہن میں سب سے پہلے یہی نمبر آتا ہے، 1122 کا دستہ ترکیہ گیا اور وہاں ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور پاکستان کے ساتھ ساتھ پنجاب اور 1122 کا نام بھی روشن کیا، ہمیں اپنی اکیڈمی اور 1122 پر فخر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp