میلبرن میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کے 317 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 217 رنز بنا سکی۔ پاکستان کو آسٹریلیا میں مسلسل 16ویں ٹیسٹ اور چھٹی سیریز میں شکست ہوئی ہے۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگ کا آغاز کیا تو 8 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق 13 گیندوں پر 4 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد 49 کے مجموعی اسکور پر امام الحق بھی 38 گیندوں پر 12 رنز بناتے ہوئے پیٹ کمنز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے شاندار نصف سینچری بنائی اور ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے مجموعی اسکور 110 تک پہنچایا۔ انہوں نے 71 گیندوں پر 60 رنز بنائے لیکن پیٹ کمنز کی ہی گیند راسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 146 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم بھی آؤٹ ہوگئے، جوش ہیزلووڑ نے بابر اعظم کو بولڈ کیا، بابر اعظم نے 79 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔
سعود شکیل 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان 35، آغا سلمان 70 گیندوں پر 50، عامر جمیل، شاہین شاہ آفریدی، اور میر حمزہ بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ جبکہ حسن علی نے 2 گیندیں کھیلیں لیکن کوئی رنز نا بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5، مچل اسٹارک نے 4 اور جوش ہیزلووڈ نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پیٹ کمنز نے دونوں اننگز میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹ پر 187 رنز سے آگے بڑھائی، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی مچل اسٹارک کو آؤٹ کردیا، جس کے بعد عامر جمال نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی آخری وکٹ میر حمزہ کے حصے میں آئی اور پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 96 رنز بنا کر نمایاں رہے، وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری نے 96 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی ففٹی بنائی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس کیری 53 اور اسٹیو اسمتھ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پیٹ کمنز 16 ، نیتھن لائن 11 اور مچل اسٹارک 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ڈیوڈ وارنر 6 ، مارنس لبوشین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 4،4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عامر جمال نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی اور آغا سلمان کے حصے میں کوئی وکٹ نہیں آسکی۔
واضح رہے پاکستان کو جیت کے لیے 317 رنز کا ہدف ملا ہے، آسٹریلیا کی ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ آسٹریلیا کو پاکستان پر 54 رنز کی برتری بھی حاصل تھی۔