شہباز شریف نے 16 ماہ کی حکومت قبول کرکے میرے ہاتھ مضبوط کیے، نواز شریف

ہفتہ 30 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں جہالت اوربیروزگاری کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے شہبازشریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میرٹ پر اپنا لوہا منوایا ہے، اور دن رات ایک کرکے ملک میں توانائی کے منصوبے مکمل کرائے۔ 16 ماہ کی حکومت قبول کی اور میرے ہاتھ مضبوط کرنے کے لیے میرا ساتھ دیا ہے۔

سربراہ پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے تعاون سے ہی ملک میں ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے، میرے بھائی نے مشکل حالات کا بڑی دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ بہت سارے لوگ کہتے ہیں کہ آپ کو پچھلی حکومت نہیں لینی چاہیے تھی، پچھلی حکومت نہ سنبھالتے تو ملک خطرے میں ڈوب جاتا۔

’ہم سب ایک خاندان ہیں اور سب نے مل کر ملک کو اندھیروں سے نکالنا ہے۔‘

صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ برے وقت میں مریم نوازنے پارٹی کے لیے بے مثال قربانی دی، مریم نواز نے دن رات ایک کرکے پارٹی کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کیا، مریم نوازنے ہمت کے ساتھ مخالفین کا مقابلہ کیا ہے۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز نے پارٹی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔

شہبازشریف کے کہنے پر مریم نواز کے لیے تالیاں بھجوائی گئیں، اس کے بعد شہباز شریف نے کہا کہ امید کرتا ہوں حمزہ شہبازاور مریم نواز مستقبل میں ملک کے لیے ایک ساتھ کام کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ 2011 سے لے کر آج تک انہوں نے کوئی الیکشن نہیں لڑا اور نہ ہی کبھی کسی عہدے کی لالچ کی۔ برے وقت میں عوام نے مسلم لیگ ن کا بہت ساتھ دیا، کسی بھی عہدے سے زیادہ یہ الفاظ میرے لیے بہترین اثاثہ ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ سیاست میں آئیں گی، جب نوازشریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو انہیں میڈیا کے حوالے سے ضرورت تھی اس کے بعد سیاست میں قدم رکھا تھا۔

’پانامہ کیس میں نوازشریف کے ساتھ ظلم ہوا، ان کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ جتنی بھی سیاسی جماعتیں اس وقت میدان میں ہیں ان میں ن لیگ کی اپنی پہچان ہے، ن لیگ کو اگر نکال دیا جائے تو ملک کھنڈر میں تبدیل ہو جائے گا۔ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ن لیگ ملک کوبحرانوں سے نکالے گی۔

حمزہ شہباز نے پارلیمانی بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دلوں کا حال کوئی نہیں جانتا دنیا اور آخرت کی کامیابی نیتوں پر ہے، ملک کی بہتری کے لیے نوازشریف کا ساتھ دیں گے۔ آج بھی میرے دادا کے دوہرے ہوئے الفاظ میرے کانوں میں گونجتے ہیں کہ ہمیں کسی کی بھی ٹانگیں نہیں کھینچنی چاہئیں۔ نوازشریف دوبارہ ملک کے لیے وزیراعظم منتخب ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp