’آزاد حیثیت میں بھی الیکشن لڑنا پڑا تو لڑوں گا‘، شیخ روحیل اصغر لیگی قیادت کے سامنے ڈٹ گئے

ہفتہ 30 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے دوران شیخ روحیل اصغر نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ این اے 121 انکا آبائی حلقہ ہے اور وہ یہیں سے الیکشن لڑیں گے۔ ان کے آباؤ اجداد اسی حلقے سے انتخابات لڑتے رہے ہیں اور وہ بھی یہیں سے سیاست کرتے رہے ہیں، اس لیے اگر آزاد حیثیت میں بھی الیکشن لڑنا پڑا تو لازمی لڑوں گا۔

مسلم لیگ ن پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران شیخ روحیل اصغر لیگی قیادت کے سامنے ڈٹ گئے اور تقریر کر ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وہ این اے 121 سے ہی الیکشن لڑیں گے کیوںکہ انہوں نے کاغذات بھی صرف اسی حلقے میں جمع کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں ان کے حلقے کا کچھ حصہ ایاز صادق کے حلقے میں شامل ہوا تو اپنے کارکنوں کے ہمراہ خود ایاز صادق کی مہم چلائی تھی، اب بمشکل مجھے میرا اصل حلقہ واپس ملا ہے تو میں اپنے روایتی آبائی حلقے سے کیوں الیکشن نہ لڑوں؟

اجلاس میں سردار ایاز صادق نے اپنے پرانے اور نئے حلقے کے اعداد و شمار پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش کیے، انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ پرانے حلقہ کا کم و بیش 56 فیصد حصہ نئی حلقہ بندیوں میں این اے 121 میں شامل ہو چکا ہے، ہر صورت میں پارٹی ڈسپلن کا پابند ہوں، ٹکٹ پر قیادت کا ہر فیصلہ منظور ہوگا۔

اس دوران شیخ روحیل اصغر صرف اپنی تقریر کے لیے آئے، قیادت کے سامنے بات کی اور اجلاس چھوڑ کر فوراً چلے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی قیادت شیخ روحیل اصغر اور سردار ایاز صادق کے ایک ہی حلقے سے ٹکٹ کے مطالبے پر امتحان میں پڑ گئی ہے۔

تاہم پارلیمانی بورڈ کی سفارش پر این اے 121 میں ٹکٹ کا حتمی فیصلہ اب قائد نواز شریف خود کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp