ایلون مسک کو بھی پیچھے چھوڑ دینے والا سال 2023 کا امیر ترین شخص کون ہے؟

اتوار 31 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کا امیر ترین شخص کون ہے جس نے ایلون مسک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فوربز میگزین کے مطابق برنارڈ آرناولٹ اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں، جنہوں نے سابقہ امیر ترین شخصیات ایکس اور ایمازون کے مالکان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سال 2023 کے اختتام پر دنیا کے امیر ترین افراد کتنی دولت کے مالک ہیں، فوربز میگزین نے نئی فہرست جاری کردی۔ جس کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا سے منسلک افراد فہرست میں چھائے رہے۔ لیکن پہلا نمبر فیشن اور ریٹیلز مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے برنارڈ آرناولٹ کا ہے، دوسرے پر ایلون مسک اور تیسرے نمبر پر ایمازون کے مالک جیف بیزوس شامل ہیں۔

برنارڈ آرناولٹ

دنیا کے امیرترین افراد کی فہرست میں پہلا نام برنارڈ آرناولٹ کا ہے، جن کے اثاثوں کی مالیت 587 کھرب روپے ہے۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ آرناولٹ دنیا کی سب سے بڑی لگژری سامان کی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے چیئرمین ہیں۔

ایلون مسک

دوسرا نمبر ایلون مسک کا ہے، جن کے اثاثوں کی مالیت 500 کھرب روپے سے زائد ہے۔ مشہور آٹو کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے بھی مالک ہیں۔

جیف بیزوس

تیسرے نمبر پر ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس ہیں۔ 59 سالہ بیزوز کے پاس اس وقت کل دولت 317 کھرب روپے سے زائد ہے۔ جیف بیزوس امیر ترین شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر بھی رہ چکے ہیں۔

لیری ایلیسن

اس فہرست میں چوتھا نام  لیری ایلیسن کا ہے۔ وہ مشہور کمپنی اوریکل کے شریک بانی ہیں۔ امریکا سے تعلق رکھنے والے لیری ایلیسن کے اثاثوں کی مالیت 297 کھرب روپے ہے۔

وارین بفیٹ

92 سالہ وارین بفیٹ کا اس فہرست میں پانچواں نمبر ہے جن کے اثاثوں کی مالیت 294 کھرب روپے ہے۔ وارین بفیٹ امریکی سرمایہ کار ہیں اور برکشائر ہیتھ وے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہیں۔

بل گیٹس

دنیا کے امیرترین افراد کی فہرست میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا نمبر چھٹا ہے۔ ان کے حالیہ اثاثوں کی مالیت 289  کھرب روپے سے زائد ہے۔

مائیکل بلومبرگ

امریکا سے ہی تعلق رکھنے والے مائیکل بلومبرگ فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔ 262  کھرب روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک مائیکل بلومبرگ نیو یارک کے میئر بھی رہ چکے ہیں۔

کارلوس سلم فیملی

فوربز کی اس فہرست میں آٹھواں نمبر میکسیکو کی کارلوس سلم ہیلو اینڈ فیملی کا ہے۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 258 کھرب روپے ہے۔ یہ فیملی کمیونیکیشن کاروبار سے منسک ہے۔

مکیش امبانی

فہرست میں نویں نمبر پر بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی ہیں۔ ریلائنس کے مالک مکیش امبانی کی کل دولت 232 کھرب روپے سے زائد ہے۔

اسٹیو بالمر

دسواں نمبر مائیکروسافٹ کے سابق چیئرمین اسٹیو بالمر کا ہے، ان کے اثاثوں کی مالیت 224 کھرب روپے ہے۔ اسٹیو بالمر باسکٹ بال ٹیم لاس اینجلس کلپرز کے مالک بھی ہیں۔

آدھے امیر ترین افراد کے پچھلے سال کی نسبت اس سال اثاثوں میں کمی کی وجہ کیا ہے؟

اسٹاک مارکیٹ میں کمی اور بڑھتی ہوئی شرح سود نے دنیا کے امیر ترین لوگوں کے لیے سال 2023 میں کافی مشکلات پیدا کی ہیں۔ فوربز میگزین نے سال 2023 کے آخر میں امیر ترین شخصیات کی لسٹ جاری کی ہے، جس میں عالمی سطح پر 2 ہزار 640 لوگوں کو شامل کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر ان تمام ارب پتیوں کی مالیت 12.2 ٹریلین ڈالر یعنی 3400 کھرب روپے بنتی ہے۔

اس فہرست میں شامل آدھے سے زیادہ کھرب پتیوں کی پچھلے سال کی نسبت اس سال دولت میں کمی واقع ہوئی ہے، جن میں ایلون مسک بھی شامل ہیں۔ ایکس (ٹوئٹر) کے مہنگے حصول نے ٹیسلا کے حصص کو ڈوبنے میں مدد کی جبکہ پرتعیش سامان کی بڑی کمپنی ایل وی ایم ایچ (LVMH) کے سربراہ برنارڈ آرناولٹ نے دنیا کے امیر ترین شخص کے طور پر اپنی جگہ بنائی۔ جس کے بعد پہلی بار فرانس کا کوئی شہری اس درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔

واضح رہے دنیا میں آج بھی سب سے زیادہ کھرب پتی امریکا کے شہری ہیں، فہرست میں 735 امریکی ارکان کی مجموعی مالیت 4.5 ٹریلین ڈالر ہے۔ چین (ہانگ کانگ اور مکاؤ سمیت) دوسرے نمبر پر ہے جن میں 562 کھرب پتیوں کے اثاثوں کی مالیت 2 ٹریلین ڈالر ہے، اس کے بعد بھارت ہے جہاں 169 کھرب پتیوں کے 675 بلین ڈالر کے اثاثے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp