لاہور: قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی منظور و مسترد ہونے کی شرح کیا رہی؟

اتوار 31 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل 30 دسمبر کو مکمل ہوگیا۔ اب اعتراضات پر  ٹریبونلز میں سماعت ہوگی۔

اسکروٹنی کے مرحلے میں کئی اہم رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے جن میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت اہم شخصیات شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر 28.5 فیصد کاغذات مسترد جبکہ 71.5 فیصد کاغذات منظور ہوئے۔

اسی طرح لاہور میں صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں پر 25.5 فیصد کاغذات مسترد جبکہ 74.5 فیصد منظور کیے گئے۔

سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کے این اے 130 اور پی پی 164 سے کاغذات منظور ہوگئے جبکہ مریم نواز کے لاہور کے 2 قومی حلقوں این اے 119 اور 120 سے کاغذات منظور ہوئے۔

اس کے علاوہ حمزہ شہباز شریف کے ایک قومی اور ایک صوبائی حلقے سے کاغذات منظور ہوئے جن میں این اے 118 اور پی پی 147 شامل ہیں۔

نوازشریف، شہباز شریف بلال یاسین کے کاغذات منظور

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کےایک قومی حلقے این اے 123 سے کاغذات منظور ہوئے۔ جبکہ این اے 130 سے سابق وزیراعظم نواز شریف، خلیق احمد بٹ، بلال یاسین کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے جمع کروائے گئے 470 میں سے 134 کاغذات مسترد جبکہ 336 منظور کیے گئے جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے جمع کروائے گئے 1407 میں سے 360 مسترد اور 1047 کاغذات منظور ہوئے۔

عمران خان، خرم لطیف کھوسہ کے کاغذات مسترد

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور خرم لطیف کھوسہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

اس کے علاوہ این اے 129 سے حماد اظہر، 130 سے یاسمین راشد، چوہدری اصغر گجر، کرامت کھوکھرکے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

این اے127 سے ظہیرعباس کھوکھر، اعجاز چوہدری، جمیل اصغر بھٹی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

غلام محی الدین دیوان، عباد فاروق، صنم جاوید کے کاغذات  مسترد

اس کے علاوہ این اے 118 سے غلام محی الدین دیوان، 119 سے عباد فاروق اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

صوبائی حلقے پی پی 145 سے یاسر گیلانی، 160 سےعاطف ایوب میو، 172 سے حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

ایاز صادق، حمزہ شہباز، مریم نواز کے کاغذات منظور

دوسری جانب این اے 117 سے مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق، 118 سے حمزہ شہباز، 119 سے مریم نواز کے کاغذات منظور ہوگئے۔

این اے 119 سے آئی پی پی کے صدر عبد العلیم خان، 122 سے خواجہ سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے۔

سیف الملوک کھوکھر، عطا تارڑ کے کاغذات منظور

این اے 121 سے شیخ روحیل اصغر، سردار ایاز صادق، اظہر صدیق کے کاغذات نامزدگی بھی منظور جبکہ این اے 123 سے شہباز شریف اور لیاقت بلوچ کے کاغذات پر بھی کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔

این اے 124 سے رانا مبشر اقبال، 125 سے سیف الملوک کھوکھر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے، اس کے علاوہ این اے 126 سے امیرالعظیم، سیف الملوک کھوکھر، 127 سے نصیر بھٹہ، عطا اللہ تارڑ کے کاغذات بھی منظور کر لیے گئے۔

این اے 128 سے سلمان اکرم راجا، شفقت محمود اور لیاقت بلوچ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔ این اے 129 سے مہر اشتیاق، رانا مشہود، بجاش نیازی، اورنگزیب برکی کے کاغذات بھی منظور ہوگئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp