2023 میں میڈیا اور فلم انڈسٹری میں پیش آنے والے اہم واقعات

اتوار 31 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سال 2023 بہت سی تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ الوداع ہوگیا، 2023 کے دوران جہاں ملک میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے وہیں 2023 پاکستان ڈراما انڈسٹری کی فلم انڈسٹری پر سبقت کا سال رہا۔

سال 2023 میں پاکستانی فلم انڈسٹری سے زیادہ ڈراما انڈسٹری نے مداحوں کے دلوں پر قبضہ جمائے رکھا۔

پاکستانی ڈراموں نے حال ہی میں اپنی فنونی پیشگوئیوں میں اضافہ کیا ہے، خصوصاً 2023 میں دقیانوسی تصورات کو توڑ کر مختلف موضوعات پر غور کرنے پر مبنی متنوع ڈرامے پیش کیے ہیں جو تعلقاتی اور تعلیمی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھتے ہیں۔ ان ڈراموں نے فن کے زیرِ اہتمام نئے چہروں کو ممکن بنایا اور تفریح کے علاوہ اہم معاشرتی پیغامات بھی منتقل کیے ہیں۔

تیرے بن

تیرے بن 2023 میں شائقین کا سب سے پسندیدہ ڈراما رہا ہے اور ٹاپ ریٹنگ ڈرامہ قرار پایا۔ معروف ڈراما سیریل تیرے بن نا صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بے حد مقبول رہا، وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی کیمسٹری لوگوں کواس قدر پسند آئی کہ اس کے سیزن ٹو کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ یہ ایک رومانوی پاکستانی ڈراما ہے۔

جنت سے آگے

ڈراما جنت سے آگے معروف ڈراما رہا، جس کو عمیرہ احمد نے لکھا اور ڈائریکٹر حسیب حسن ہیں۔ اس ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں انڈسٹری کے بڑے نام کبریٰ خان، رمشا خان، گوہر رشید، طلحہ چہور اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ ڈرامے کی کہانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے اندرونی مسائل پر مبنی ہے، جس میں عوامی تذلیل کے موضوعات کو کس طرح پیش کر کے اسے ٹرینڈ بنایا جاتا ہے۔ معیاری اسکرپٹ اور پرفارمنس عوام کی جانب سے بے حد پسند کی گئی ہے۔

مائی ری

ڈراما سیریل مائی ری نے معاشرے کا ایک الگ تصور پیش کیا اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے پر ترجیح دی ہے۔ ڈراما میں بچوں کی کم عمر میں شادی اور جبری شادی جیسے اہم موضوع کو اٹھایا گیا۔ اس ڈرامے میں مرکزی کرداروں میں عینا آصف اور ظمر جعفری تھے۔ ابھرتے اداکاروں کی کارکردگی کو مداحوں نے خوب سراہا۔ یہ ڈراما ریٹنگ کے لحاظ سے ٹاپ فائیو میں شامل رہا۔

بے بی باجی

گھریلو موضوعات پر بننے والے سیریل بے بی باجی نے ریکارڈ ریٹنگ لی وہیں۔ اس ڈرامے کے مختلف عمر کے پرستار سامنے آئے۔ کسی نے جوائنٹ فیملی کو ترجیح دی تو کسی نے بہو بیٹیوں کی اہمیت کو سراہا۔ بچوں کو بے بی باجی کا کردار خوب بھایا جو پی ٹی وی کی معروف اداکارہ ثمینہ احمد نے نبھایا۔ ڈرامے میں منفی کردار جویریہ سعود نے کیا جس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔

2023 شارٹ سیریز کے لیے بھی بہترین سال رہا۔

رضیہ

رضیہ نے پاکستانی معاشرے میں خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے اسٹوری ٹیلنگ کے پرانے طریقہ کو اپنایا۔ رضیہ کے متاثر کن اسکرپٹ نے سامعین پرگہرے اثرات چھوڑے۔ اسکرپٹ کی بے باک کہانی نے سب کو حیران کیا۔ اس ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں مائرہ خان، مومل شیخ اور محب مرزا شامل ہیں۔

سرِ راہ

نئے انداز نئی کہانیاں اور نئے کرداروں پہ مبنی سیریز سرِ راہ اس سال کی بہترین منی سیریز رہی جس نے ایک ساتھ کئی موضوعات کو اٹھایا، اور کئی دقیانوسی تصورات کا منہ توڑ جواب بھی دیا۔ اس میں ان خواتین کی کہانیاں شیئر کی گئیں جو بچپن کی شادیوں کا شکار ہیں، ایسی لڑکیاں جو صرف اپنی جنس کی وجہ سے دم گھوٹ رہی ہیں، وہ بیٹیاں جو اپنے باپ کی مدد نہیں کر سکتیں کیونکہ ان کی عزت داؤ پر لگ جائے گی۔ ٹرانس جینڈر/انٹر جنس وہ لوگ جو اپنی شناخت کی وجہ سے ذلیل ہو رہے ہیں، کام کرنے والی وہ خواتین جنہیں آفس میں اپنی قابلیت بتانے کے لیے کس طرح کے ہراس سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس ڈرامے میں صبا قمر کی غیر معمولی اداکاری نے اس کی مقبولیت میں اضافہ کیا، اس سیریزمیں منیب بٹ نے بھی اپنی اداکاری اور ٹرانسجینڈر کے کردار میں جان ڈال دی۔

پاکستان میں سینما خطرے میں

سال گزرتے وقت ہم اس امید کے ساتھ ہیں کہ آنے والے دن ہماری فلمی صنعت کے لیے بہترین ہوں، لیکن ہر سال کا اختتام مماثل ہوتا ہے۔ پاکستان میں اس سال کے ابتدائی 3 ماہ جنوری، فروری اور مارچ میں کوئی اردو فلم نمائش پذیر نہیں ہوئی جس سے خطرے کی نشاندہی ہو رہی ہے۔

سال کی بہترین واحد فلم

سال 2023 میں ایک پنجابی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ نے ملکی اور عالمی باکس آفس میں تقریباً 400 کروڑ کما کر خود کو پاکستان کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم ثابت کیا۔

بیک وقت 4 پاکستانی فلمیں

اپریل میں عیدالفطر کے موقع پر بیک وقت 4 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں ہدایت کار فیصل قریشی کی فلم منی بیک گارنٹی، کامران شاہد کی فلم ہوئے تم اجنبی، ندیم چیمہ کی دوڑ، ابوعلیحہ کی فلم دادل شامل ہیں۔ عیدالفطر کے موقع پر باکس آفس کا میدان منی بیک گارنٹی نے مارا، بڑے ناموں کے باوجود فلم بینوں کو یہ فلم کچھ خاص متاثر نہ کرسکی۔

فلم ککڑی بھی رنگ نہ جما سکی

سال کے وسط تک آتے آتے جون میں واحد اردو فلم ککڑی ریلیز ہوئی جس کی کارکردگی باکس آفس پر مایوس کُن رہی۔

فلم تیری میری کہانیاں

جون کے مہینے میں پھر ایک ساتھ 6 اردو فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں 3 ہدایت کاروں ندیم بیگ، مرینہ خان، نبیل قریشی کی مشترکہ کاوش فلم تیری میری کہانیاں دیکھی گئی۔

پاکستانی فلم سازوں کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ رواں برس سب سے زیادہ جن فلموں کو گوگل پر سرچ کیا گیا ان میں کوئی پاکستانی فلم شامل نہیں ہے۔

جہاں سال 2023 میں سوشل میڈیا پر شوبز سے متعلق کئی موضوعات ٹاپ ٹرینڈ رہے۔ وہیں متعدد شخصیات بھی اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہیں۔

ڈراموں میں میریٹل ریپ کو شامل کرنے پر تنقید

تیرے بن سال 2023 کے کامیاب ڈراموں میں سے ایک ہے۔ ڈرامے کی 46ویں قسط کے آخر میں مرکزی کرداروں میرب اور مرتسم کے درمیان میریٹل ریپ نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا جسےصارفین کی جانب سے غیر اخلاقی قرار دیا گیا۔ اس متنازع سین کے نشر ہونے کے بعد پروڈیوسرز کو کہانی میں تبدیلی کرنا پڑی۔ یہی نہیں ڈراما سیریل سکون اورموٹروے ریپ کیس سے مماثلت رکھنے والے ڈراما سیریل حادثہ کی کہانی پر سوشل میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی آواز اٹھائی۔

ڈراما حادثہ میں ایک خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس قسط کے بعد ڈرامے میں مرکزی کردار حدیقہ کیانی کی وضاحت بھی شائقین کا غصہ نہ کم کرسکی اور پیمرا نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرامے پر پابندی لگا دی تھی۔ تاہم بعد میں اسے دوبارہ نشر کرنے کی اجازت مل گئی تھی۔

مائی ری میں کم عمر لڑکی کو حاملہ دکھانے پر تنقید

چائلڈ میرج دکھانے پر ڈراما سیریل مائی ری سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنا۔ بعدازاں ڈرامے میں کم عمر لڑکی کو حاملہ دکھانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مصنفہ ثنا فہد کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

عدالتی دستاویزات کی دھجیاں

ہر دلعزیز اداکار فیروز خان کے لیے سال 2023 تنقید، علیحدگی اور جدائی کے ساتھ ساتھی اداکاروں کے ساتھ روابط میں خلل والا رہا۔ انہوں نے مخالفین کے موبائل نمبرز اور عدالتی دستاویزات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس پر انہوں نے بعد میں معذرت بھی کرلی۔

انٹرٹینمنٹ کا بڑا ایوارڈ بھی تنقید کی زد میں رہا

عوام تو عوام ٹی وی اور فلم کے کئی اداکاروں نے پاکستان شوبز انڈسٹری کے لکس اسٹائل ایوارڈز پر کافی تنقید کی۔ اداکار فرحان سعید نے ایوارڈ منتظمین پر الزام لگایا کہ انہوں نے میرٹ کے بجائے ذاتی پسند کو ترجیح دی۔ فرحان سعید فلم اور ٹی وی دونوں کی بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نامزد ہوئے تھے لیکن ان کی جگہ ٹی وی ایوارڈ بلاگر سے اداکار بننے والے ارسلان نصیر اور فلم ایوارڈ فیروز خان کو دیا گیا۔ ایک ہی اداکارہ کو کریٹکس ایوارڈ کے ساتھ ساتھ ویورز چوائس ایوارڈ دینے پر اسی کیٹیگری میں نامزد ہونے والی سجل علی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ایوارڈ دینے والوں پر تنقید کی۔

فیشن، ڈراما اور فلم انڈسٹری میں شادی کی شہنائیاں

پاکستان کی شوبز شخصیات جنہوں نے 2023 میں اپنی ازدواجی زندگی کے سفر کا آغاز کیا۔

ریپر ایوابی

کوک اسٹوڈیو 14 کی اسٹار ایوابی نے اپنی ٹھنڈی ریپنگ سے سب کے دل جیتنے کے بعد اپنی زندگی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ کنا یاری ریپر نے جنوری 2023 میں منگیتر مدثر قریشی کے ساتھ شادی کی۔

واشمہ فاطمہ اور سبحان اعوان

خوبصورت اور باصلاحیت پاکستانی ماڈلز اور ٹیلی ویژن اداکاروں وشمہ فاطمہ اور سبحان اعوان کی شادی جنوری 2023 کے آغاز میں ہوئی۔

زارا پیرزادہ

خوبصورت فیشن ماڈل زارا پیرزادہ نے سروان صالح کے ساتھ فروری 2023 میں کچھ قریبی دوستوں اور خاندان کے قریبی لوگوں کی موجودگی میں نکاح کیا۔

حرا خان

ڈراما سیریل میرے ہم سفر میں رومی نامی لڑکی کا کردار نبھانے والی حرا خان نے 11 فروری کو ماڈل ارسلان خان سے شادی کی تھی۔ شادی کی تقریبات میں جوڑے نے خوب ہلا گلا کیا تھا۔

اشنا شاہ

نامور پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے 26 فروری کو ایتھلیٹ، گالف کے کھیل سے وابستہ حمزہ امین کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا تھا۔ ان کی شادی کی تقریبات ایک ہفتہ جاری رہیں۔

کومل رضوی

گلوکاہ کومل رضوی نے 21 اپریل کو سلیکون ویلی کے بزنس ٹائیکون اورامریکا میں مقیم ایس علی اُپل نامی بزنس مین سے دوسری شادی کی۔ کومل رضوی نے تقریب کی تصاویر انسٹاگرام پر شئیر کی تھیں۔

مدیحہ امام

پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے 3 مئی کو متحدہ عرب امارات میں بھارتی فلم ساز موجی بصر سے شادی کی۔ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کر کے مداحوں کو سرپرائز دیا، 6 ماہ بعد جوڑے کے ولیمے کی تقریب بھارت میں منعقد کی گئی تھیں۔

انزیلا عباسی

ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل انزیلا عباسی، شوبز سے وابستہ جویریہ اور شمعون عباسی کی بیٹی ہیں، انزیلا اگست 2023 میں تاشفین انصاری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

ماہرہ خان

بین الاقوامی شہرت رکھنے والی مقبول اداکارہ ماہرہ خان 2 اکتوبر کو رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں، انہوں نے سیاحتی مقام مری میں اپنے دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم سے نکاح کیا۔ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی دوسری شادی کی تصاویر اور ویڈیوز گردش کرتی رہیں اور سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کا حصہ بنیں۔

کرن اشفاق

بھولے کے کردار سے مشہور و معروف پاکستانی اداکار عمران اشرف کی سابق اہلیہ ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق نے 3 دسمبر کے روز پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے بزنس مین حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی۔ عمران اشرف اور کرن اشفاق نے 2018 میں شادی کرنے کے بعد 2022 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp