سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی، افغانستان سے دراندازی کرنے والے 3 دہشت گرد ہلاک

اتوار 31 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افواج پاکستان نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کہ اتوار کو ضلع باجوڑ کے علاقے بٹوار میں افغانستان کی سرحد سے دراندازی کرنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تینوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور واقعے میں 30 اور 31 دسمبر کی درمیانی رات افغانستان سے دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپنوم میں واقع پاکستانی سرحدی چوکی پرفائرنگ کی۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس سے دہشت گردوں کو کافی نقصان پہنچا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران 31 سالہ نائیک عبدالرؤف ساکن ضلع رحیم یار خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر نگرانی کے مؤثر انتظام کو یقینی بنائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے خاتمے کے لیے افغان سرزمین کو استعمال نہیں ہونے دے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp