مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے لیکن الیکشن سے قبل کچھ فیصلے ہونا ابھی باقی ہیں۔ عمران خان کی سیاست پر تاحیات پابندی لگنی چاہئیے۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ۔ جو انسان فتنہ اور انتشار کو فروغ دیتا ہو اس کی ٹی وی تقریر پر نہیں اس کی سیاست پر بھی پابندی لگنی چاہیے بلکہ تاحیات پابندی لگنی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس ملک کو بیرونی خطرہ کوئی نہیں ہے، اندرونی خطرہ ہے ۔ ایک لیڈر جو جنرل پاشا اور جنرل ظہیر الاسلام کی پیداوار ہو ، ایسے لیڈر کو عوامی لیڈر کیسے کہا جا سکتا ہے۔ اس کو بنانے والے تو یہ لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل فیض حمید نے اس کو کندھوں پر بیٹھا کر اور اس کا ہاتھ پکڑ کر اس کو چلایا، عمران خان خود اعتراف کر چکے ہیں کہ فیض حمید میرے ہاتھ ، کان اور آنکھیں تھیں ۔
راہنما ن لیگ نے کہا کہ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس نے اپنی الیکشن مہم کی بھرپورتیاری کر رکھی ہے۔ مسلم لیگ ن ابھی بھی میدان میں ہے ۔ ن لیگ نے اپنا ستر فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔ ہم اپنے امیدواروں کا فیصلہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس ثبوت ہیں جنرل فیض کے کہ وہ جسٹس شوکت عزیر صدیقی کے پاس چل کے گئے تھے اور میں نے اس وقت جنرل فیض حمید کے خلاف عدالت میں ثبوتوں کے ساتھ درخواست جمع کرائی تھی ۔ اگرکوئی اس کی تردید کر سکتا ہے تو میرے سامنے آئے۔