نئے سال کے پہلے روز ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ

پیر 1 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے لیکوڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی ) کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، اضافے کے بعد 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 18 روپے 52 پیسے مزید مہنگا ہو گیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 1 روپیہ 56 پیسے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ایک کلو ایل پی جی کی قیمت 256 روپے 42 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔

ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 18 روپے 52 پیسے اضافے کے بعد اب گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 25 روپے 87 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔  دسمبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 7 روپے 52 پیسے تھی۔

اس سے قبل حکومت نے 30 ستمبر 2023 کو فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 20 روپے 86 پیسے کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد ایک کلو ایل پی جی کی قیمت 260 روپے 98 پیسے مقرر کر دی گئی تھی۔

لیکن بعد ازاں 31 اکتوبر 2023 کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی کر دی تھی۔

اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 117 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 452 روپے کی کمی کی گئی تھی۔

قیمتوں میں کمی کے نوٹیفکیشن کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 3080 روپے سے کم ہو کر 2962 روپے ہو گئی تھی جبکہ کمرشل سلنڈر 11 ہزار 849 روپے سے کم ہو کر 11 ہزار 397 روپے کا ہو گیا تھا۔

اوگرا نے ایل پی جی کی سرکاری پیداواری قیمت میں 8437 روپے فی میٹرک ٹن کمی کی تھی۔

اب یکم جنوری 2024 کو ’اوگرا‘ نے ایک بار پھر 18 روپے 52 پیسے گھریلو سلنڈر میں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت  3 ہزار 25 روپے 87 پیسے  ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp