پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان کے دور میں جو تباہی آئی اس کو قوم آج بھگت رہی ہے اور یہ آفٹر شاکس محسوس کیے جاتے رہیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ریاست کا تشخص مسخ کیا، 2013 سے ایک منصوبہ تیار ہو رہا تھا جس کی پہلی قسط دھرنے کی صورت میں سامنے آئی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ نیا سسٹم لائے جس کو 4 سال لوگوں نے بھگتا اور ہم ابھی تک اس سے نکل نہیں پائے۔
سابق وزیر دفاع نے کہاکہ ملک میں سیاسی سے زیادہ معاشی استحکام کی ضرورت ہے، اس وقت ہماری معیشت آئی سی یو میں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں جو خلفشار اور تفرقہ ہے اس سے دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
جمشید دستی کے حالیہ ویڈیو بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ انہوں نے الیکشن سے راہِ فرار اختیار کرنے کے لیے یہ حربہ اختیار کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ 2024 کا سب سے بڑا چیلنج معیشت ہے، اگر ہم صرف بچت کی پالیسی اختیار کر لیں تو ہمیں کسی سے مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
بلوچستان کے لاپتا افراد کے معاملے پر سوال کا جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ یہ ایک انتہائی اہم معاملہ ہے اور اس پر بات ہونی چاہیے۔