آئندہ حکومت بہت بڑا چیلنج، اتحادی ماضی کی طرح پارٹنر نہیں بننا چاہتے، خواجہ آصف

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئندہ حکومت ہمارے لیے 16 ماہ کی حکومت سے بڑا چیلنج ہے۔ اتحادی بھی اس طرح پارٹنر نہیں بننا چاہتے جس طرح 16 ماہ کی حکومت میں تھے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع نے کہاکہ ہماری نیت خراب نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حالات ٹھیک کیے جائیں، ہمیں یہ خوف نہیں کہ عمران خان آ جائیں گے اور ہمارے خلاف کارروائیاں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی دور میں اہم قانون سازیاں ہم نے مل بیٹھ کر کیں، زخموں کو کریدنے کی نہیں مندمل کرنے کی ضرورت ہے مگر عمران خان اپنی ذات سے نکل نہیں پارہے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان کے لیے ملک کی کوئی حیثیت نہیں، ان کے لیے اقتدار ہی سب کچھ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مریم نواز نئی نسل کی نمائندگی کرتی ہیں، اور سیاست میں تازہ ہوا کو جھونکا ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مرکز میں حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ مسلم لیگ ن کا فارمولا طے پا گیا ہے، جس کے مطابق آصف زرداری صدر مملکت کے امیدوار ہوں گے، پیپلزپارٹی وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کو ووٹ دے گی مگر وزارتیں نہیں لے گی۔

دوسری جانب اب ایم کیو ایم مسلم لیگ ن سے پاور شیئرنگ فارمولے پر مذاکرات کر رہی ہے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کرکے بنائی گئی حکومت چل نہیں سکے گی، ان کا دعویٰ ہے کہ وہ 180 سے زیادہ نشستوں پر جیتے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن نے دھاندلی کرکے ان کے امیدواروں کو ہرایا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp