لاہور ہائیکورٹ کا خرم لطیف کھوسہ کو رہا کر نے کا حکم، ایف آئی آر خارج

پیر 1 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف کھوسہ کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

پیر کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے خرم لطیف کھوسہ کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کے خلاف دائر ایف آئی آر خارج کرنے کا حکم دیا۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے لاہور ہائیکورٹ میں اپنے بیٹے خرم لطیف کھوسہ کی بازیابی کےلیے درخواست دائر کر رکھی تھی جس میں انہوں عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ ان کے بیٹے کی رہائی کا حکم دیا جائے۔

پیر کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے لطیف کھوسہ کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے محفوظ فیصلہ سنا دیا، فیصلے سے قبل جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ سی سی پی او سے فوری ہدایات لے کر بتایا جائے کہ خرم لطیف کھوسہ کہاں ہیں؟ کیا ان کی گرفتاری ہوئی ہے یا نہیں؟

عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ ویڈیو میں ایسی کیا چیز نظر آئی؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ خرم لطیف کھوسہ نے پولیس افسر سے کہا کہ تم مجھے جانتے نہیں ہو، خرم لطیف کھوسہ نے کہا میں 5 نسلوں سے وکالت میں ہوں۔

عدالت نے کہا کہ آپ نے وکلا کو ہتھکڑیاں لگا کر کیوں عدالت میں پیش کیا؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا قانون سب کے لئے ایک ہے، خرم لطیف کھوسہ کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی آر میں جو درج ہے ایسا کچھ نہیں ہوا، اگر ایسا کچھ ہوتا تو ویڈیو میں ہوتا۔

وقفے کے بعد عدالت عالیہ نے نے خرم لطیف کھوسہ کی رہائی کا حکم سنا دیا جس پرانہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کی ہتھکڑیاں فوری کھولنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ان کی رہائی کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp