دنیا کے بلند ترین بارڈر پاک چین سرحد خنجراب پاس کو رواں ماہ 2 ہفتوں کے لیے پھر سے کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے نے اپنی طرف سے تمام تر انتظامات مکمل کر کے پاکستان کی وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا۔
چینی سفارت خانے کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق 2 جنوری سے 16 جنوری تک سرحد کو دوبارہ کھولا گیا ہے جس کے لیے تمام انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ان 2 ہفتوں میں صرف گاڑیوں کی آمدورفت اور اشیا کی ترسیل کی اجازت ہوگی۔
خط میں وزارت خارجہ کو کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے حکومت گلگت بلتستان اور تمام متعلقہ اداروں و ذمہ داروں کو مطلع کیا جائے تاکہ سرحد کو عارضی طور پر کھولنے کے لیے انتظامات بہتر کیے جائیں اور دونوں اطراف سے سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔
خنجراب پاس 3 سال بعد کھل گیا: وزیراعظم اور مریم نواز کی مبارکباد
واضح رہے کہ سطح سمندر سے 16 ہزار 200 فٹ کی بلندی پر واقع پاک چین سرحد خنجراب پاس کو گزشتہ سال نومبر کے آخر میں بند کردیا گیا تھا۔ بارڈر پروٹوکول ایگریمنٹ کے مطابق خنجراب پاس ہر سال 4 ماہ کے لیے مکمل بند رہتا ہے کیونکہ برفباری کی وجہ سے گاڑیوں کا چلنا مشکل ہوتا ہے اور انتظامات میں بھی مسائل درپیش رہتے ہیں۔