پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان بینود قادر ٹرافی کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 04:30 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ حسب روایت اس ٹیسٹ میچ کو ’پنک ٹیسٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
سڈنی میں ہونیوالے ٹیسٹ میچ کو ’’پنک ٹیسٹ‘‘ کیوں کہا جاتا ہے؟
آسٹریلیا کے ہوم ’سمر کرکٹ سیزن‘ میں سڈنی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کو عمومی طور پر ’پِنک ٹیسٹ‘ کہا جاتا ہے اور یہ عظیم سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میگرا کی انجہانی اہلیہ جین میگرا کی یاد میں کہا جاتا ہے۔
اسی سلسلے میں سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن اور سڈنی کرکٹ سٹیڈیم (ایس سی جی) کے لیڈیز سٹینڈ کو عارضی طور پر جین میگرا کے نام پر جین میگرا سٹینڈ کہا جاتا ہے اور تیسرے دن کے کھیل کو ’جین میگرا ڈے‘ کہا جاتا ہے۔
اس میچ میں دونوں ٹیمیں گلابی یعنی پِنک رنگ کی ٹوپیاں پہن کر میدان میں نظر آئیں گی جبکہ میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے پِنک تھیم کو فالو کرتے ہوئے تصاویر بھی بنوائیں۔
It’s Baggy Pink week 💖
Get your Virtual Pink Seat now: https://t.co/1qR7UsjKKs pic.twitter.com/HLKGzmOdX9
— Cricket Australia (@CricketAus) January 1, 2024
آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 111 ٹیسٹ میچز کھیل کر 8635 رنز بنائے ہیں۔
پچ کی صورتحال
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ایک بہترین ٹیسٹ میچ کی پچ تیار کی گئی ہے جو کہ بولرز اور بیٹرز دونوں کے لیے سازگار ثابت ہو گی۔ پچ پر گھاس کی موجودگی سے فاسٹ بولرز کو پہلی اننگز میں زیادی مدد ملنے کا امکان ہے۔
موسم کی صورتحال
آسٹریلین محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق کل میچ کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے جس سے میچ متاثر ہو سکتا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادی درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ
سڈنی ٹیسٹ میں امام الحق کو ڈراپ کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ اوپنرصائم ایوب ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔
سڈنی ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، ان کی ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز کے علاوہ ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیون اسمتھ، تریوس ہیڈ، مچل مارش، الیکس کیری، مچل اسٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزلووڈ شامل ہیں۔
یاد رہےکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔