کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: فاسٹ بولرز کی یلغار، میچ پہلے ہی روز فیصلہ کُن مرحلے میں داخل

بدھ 3 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جانے والی فریڈم ٹرافی کا دوسرا میچ آج کیپ ٹاؤن، نیو لینڈز میں شروع ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ اپنے افتتاحی روز ہی فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہو گیا جب دونوں ٹیموں کے بولرز نے ایک دوسرے پر قہر ڈھایا اور پہلے ہی دن 20 وکٹیں حاصل کر لیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 55 رنز جبکہ بھارتی ٹیم 153 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کا پہلا دن فاسٹ بولرز کے نام رہا۔ فاسٹ بولرز پہلے ہی دن 23 وکٹیں لے اُڑے، پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کی نقصان پر 62 رنز بنا لیے ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم جنوبی افریقی بیٹنگ بھارتی بولرز کی تباہ کُن بالنگ کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے تباہ کُن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جنوبی افریقہ کے صرف 2 بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل ہو سکے۔ کائل ویرین نے سب سے زیادہ 15 اسکور بنائے۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز

جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو شروع سے ہی اُن کے بیٹرز کے قدم ڈگمگا گئے اور پوری ٹیم صرف 55 رنز بنا کر پویلین روانہ ہو گئی اور جنوبی افریقہ پر 98 رنز کی مجموعی بعرتی حاصل کر لی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم نے 2، ڈین ایلگر نے 4، ٹونی دی زوزی نے 2، ٹرسٹن سٹبز نے 3 رنز بنائے۔

ڈیوڈ بیڈنگھم 12، کائل ویرین 15، مارکو جینسن صفر، کیشو مہاراج 3، کگیسو رباڈا5 اورر ناندرے برگر 4 اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 6 جبکہ جسپریت بمراہ اور مکیش کُمار نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کی پہلی اننگز

بھارتی ٹیم پہلے ہی دن جنوبی افریقہ کو صرف 55 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرنے میں کامیاب تو ہو گئی لیکن اس کا خاص فائدہ نہ اُٹھا سکی اور 153 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ پر 98 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی۔ بھارتی ٹیم کے 153 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن اگلے آنے والے 6 بیٹرز مجموعی اسکور میں بغیر کوئی اضافی کیے آؤٹ ہو گئے،ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ کسی ایک اسکور پر 6 وکٹیں گری ہوں۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے، جبکہ کپتان روہت شرما نے 39، شبمن گل 36، اور کے ایل راہول 8 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارت کے 7 بیٹرز بغیر کوئی اسکور بنائے آؤٹ ہوئے جن میں اوپننگ بیٹر یشوی جیسوال، شریاز ائیر، راویندرا جدیجا، جسپریت بمراہ، محمد سراج، پراسید کسشنا اور مکیش کُمار شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رباڈا، لُنگی نگیڈی، اور ناندرے برگر نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے لیے دوسری اننگز کا آغاز بھی پہلی اننگز سے مختلف نہ رہا مھض 62 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دیں، جنوبی افریقہ کی جانب سے اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈین ایلگر12 جبکہ ٹونی دی زورزی اور ٹرسٹن اسٹبس ایک ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایڈن مارکرم 36 جبکہ ڈیوڈ بڈہنگم 7 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ بھارت کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 36 رنز درکار ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp