پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ احسن اقبال سے متعلق میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، اگر اس سے پارٹی یا احسن اقبال کو نقصان ہوا تو اس پر افسوس ہے۔
احسن اقبال کو 16 ماہ کی حکومت میں مہنگائی کا ذمہ دار قرار دینے سے متعلق بیان پر پارٹی نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس کے بعد اب ان کا ایک اور بیان سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ دانیال عزیز نے احسن اقبال کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ احسن اقبال کی نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر ناکام ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں
دانیال عزیز نے کہا تھا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خود کو عقل کل سمجھتے ہیں۔ ان کو تقریریں جھاڑنے سے پہلے وضاحت کرنی چاہیے کہ جب وہ پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے تو ملک میں ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام کیوں ہوئے۔
دانیال عزیز کے بیانات کے بعد یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ احسن اقبال اپنے بیٹے کو ٹکٹ دلوانا چاہتے ہیں جس پر دانیال عزیز اور ان کے درمیان جھگڑا ہے، مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما راناثنااللہ نے بھی ٹکٹ کے جھگڑے کی تصدیق کی تھی۔
مخالفین میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں، دانیال عزیز
اب دانیال عزیز نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میں نے 30 نومبر کو جو بیان دیا تھا اسے مخالفین کی جانب سے غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ دانیال عزیز کے مطابق انہوں نے ن لیگ کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار نہیں دیا۔
دانیال عزیز نے کہاکہ میں نے اپنے بیان میں بطور سربراہ پرائس مانیٹرنگ کمیٹی احسن اقبال کی حوصلہ افزائی کی اور مہنگائی کی اصل وجوہات کو سامنے لایا۔
مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ احسن اقبال نے میرے بیان کے بعد مہنگائی کی اصل وجوہات کا بتایا کہ شرح سود اور ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ میرے بیان کو مسلم لیگ ن یا احسن اقبال کے خلاف نہ سمجھا جائے۔