فیکٹ چیک: عمران خان نے آرمی چیف کے دورہ امریکا پر احتجاج سے متعلق کیا ہدایت دی تھی؟

بدھ 3 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں آرمی چیف کے دورہ امریکا کے دوران پارٹی کو کسی بھی قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی تھی۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران وی نیوز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

رؤف حسن نے کہا کہ آرمی چیف کے دورہ امریکا کے وقت پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی کو نہ احتجاج کرنے کا کہا تھا اور نہ ہی احتجاج نہ کرنے سے متعلق کوئی بات کی تھی۔ انہوں نے ساتھ اس بات کی وضاحت بھی کی کہ پی ٹی آئی کی یہ واضح پالیسی ہے کہ اداروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی مزاحمت نہ کی جائے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ آرمی چیف کے دورہ امریکا کے دوران کسی نے اگر یہ کہا ہے کہ عمران خان نے احتجاج نہ کرنے کی ہدایت دی ہے تو یہ ذاتی حیثیت میں بات ہوسکتی ہے، عمران خان نے اس حوالے سے کوئی پیغام نہیں دیا البتہ پی ٹی ائی نے بیرون ملک بیٹھے اداروں کے خلاف یوٹیبورز سے خود کو لاتعلق کیا ہے۔

رؤف حسن کے مطابق پارٹی نے سلمان احمد جو کہ پاکستان تحریک انصاف کے پرانے رکن ہیں ان سے بھی اظہار لاتعلقی اسی بنیاد پر کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت نے یہ بیان دیا تھا کہ عمران خان نے ہدایات دی ہیں کہ آرمی چیف کے دورہ امریکا کے دوران کسی قسم کا احتجاج نہ کیا جائے۔

تحریک انصاف نے 15 دسمبر کو ہونے والے کور کمیٹی اجلاس کے بعد ایک اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق کور کمیٹی کا ریاستی اداروں، شخصیات کے بارے میں ہر قسم کی نفرت انگیز مہم سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا گیا۔

بیرون ملک بیٹھے وی لاگرز سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، کور کمیٹی پی ٹی آئی

اعلامیہ کے مطابق کورکمیٹی اور بانی چیئرمین عمران خان کی منظوری کے بغیر جاری کی گئی کسی سیاسی، تشہیری مہم کا تحریک انصاف سے نا تو تعلق ہے نا کارکن ایسی کسی مہم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سلمان احمد اور دیگر کی جانب سے اپنے نجی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کیے جانے والے مواد سے تحریک انصاف کا ہرگز کوئی تعلق نہیں اور تحریک انصاف اس کی ذمہ دار بھی نہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ مختلف وی لاگرز کی جانب سے بیرونِ ملک سے کی جانے والی سرگرمیوں سے بھی ہمارا کوئی تعلق نہیں اور نا ہی انہیں تحریک انصاف سے جوڑنے کی کوشش کی جانی چاہیے، ریاستی اداروں کے خلاف مہم جوئی کی بجائے آئین و قانون کی حدود میں ان کے کردار کی مضبوطی اور ملکی تعمیروترقی میں ان کے مثبت کردار کے قائل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp